دہرادون : آئی ایم ڈی نے اتراکھنڈ کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں میں وہاں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ راجستھان اور پنجاب میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی طرف سے اگلے دو تین دنوں کے لیے جاری کردہ موسمی الرٹ کچھ ریاستوں میں گرمی سے راحت پہنچانے والا ہے، جب کہ کچھ ریاستوں میں مسائل بڑھ سکتے ہیں۔اگر دہلی۔ این سی آر کی بات کریں تو یہاں کل یعنی 22 جولائی سے دوبارہ بارش ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے اگلے تین دنوں کے لیے دہلی کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کو مطلع ابر آلود رہے گا اور کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد 25 اور 26 جولائی کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے مغربی اتر پردیش میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔ آج اور کل مشرقی یوپی کے کئی اضلاع میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے بجنور، امروہہ، مراد آباد، رام پور، بریلی، پیلی بھیت اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔