اترپردیش اور بہار ’اگنی پتھ اسکیم‘ کیخلاف آگ کی لپیٹ میں

,

   

برہم نوجوانوں نے ٹرینوں کو نذر آتش کردیا گیا‘20جون تک اسکیم واپس لینے حکومت کو الٹی میٹم

لکھنؤ: مرکزی حکومت کی فوج میں تقرری کے لئے اعلان کردہ نئی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف ملک بھر کے نوجوانوں کا غصہ پھوٹ پڑا ہے۔ اس اسکیم کے خلاف بہار سے شروع ہونے والی احتجاج کی آگ اب دوسری ریاستوں میں بھی بھڑک گئی ہے۔احتجاجی نوجوانوں نے بہار میں کئی مقامات پر ٹرینوں کو آگ لگادی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اتر پردیش کے مختلف شہروں میں نوجوانوں نے جمعرات کے روز شدید احتجاج کیا۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے اس اسکیم کے حوالے سے نوجوانوں کو کسی بھی قسم کے بہکاوے میں نہ آنے کی نصیحت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نوجوانوں نے بلند شہر، گونڈہ، گورکھپور، علی گڑھ، اناؤ، ہاتھرس، فیروزآباد اور آگرہ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے فوج میں تقرری کے پرانے طریقہ کار کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ بلند شہر میں فوج کی تیاری کرنے والے نوجوانوں نے مرکزی حکومت کی اس نئی اسکیم کے خلاف بھور کراسنگ اور کھرجا بس اسٹینڈ پر احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے قومی پرچم کو لہرایا۔ برہم نوجوانوں نے اگنی پتھ اسکیم کو نوجوانوں کے مستقبل اور کیریئر سے کھلواڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی اس بات کی فکر نہیں ہے کہ محض چار سالوں کے اندر سبکدوش ہونے والے اگنی ویروں کو دوبارہ روزگار کہاں اور کیسے ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی مہینوں سے فوج میں تقرری کے لئے تیاریاں کر رہے تھے۔ لیکن اگنی پتھ اسکیم کا اعلان کر کے حکومت نے ان کے مستقبل کو تاریک کر دیا ہے۔ اسکیم سے مشتعل نوجوانوں نے متعدد مقامات پر احتجاج کیا اور آگرہ۔لکھنؤ اپکسپریس وے کو بھی بلا ک کردیا۔ اس دوران نوجوانوں نے کہا کہ 20جون تک مرکزی حکومت کو اس اسکیم کو واپس لے لینا چاہئے بصورت دیگر وہ دہلی کی جانب مارچ کرنے کیلئے مجبور ہوں گے۔ملک کی دیگر ریاستوں سے بھی احتجاج کی اطلاعات ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ 14 جون کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوج میں تقرری کے لئے حکومت کی نئی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم کے مطابق چار سال کی تکمیل کے بعد 25 فیصدی اگنی ویروں کو ریگولر کیڈر کے طور پر لیا جائے گا جبکہ 100 فیصدی امیدوار والنٹری بنیاد پر ریگولر کیڈر کے لئے درخواست دے سکیں گے۔اس اسکیم کے مطابق اگنی ویروں کو پرکشش ماہانہ مشاہرے کے ساتھ تینوں افواج میں ملنے والے الاونسز دئیے جائیں گے۔ اور چار سال کی خدمت مکمل ہونے کے بعد اگنی ویروں کو ’سیوا ندھی‘ پیکج دیا جائے گا۔