لکھنؤ: اترپردیش میں پرائمری ایجوکیشن سسٹم پھر ایک بار تنازعہ کا شکار ہوگیا ہے جہاں مظفر نگر ضلع کے ایک سرکاری اسکول میں طلباء کو دیئے جانے والے مڈ ڈے میل میں ایک مردہ چوہا پایا گیا۔ مصطفیٰ آباد علاقہ کے پچیندہ مقام پر واقع جنتا انٹر کالج گورنمنٹ اسکول کے طلباء کو منگل کے دن دوپہر کا کھانا دال، چاول دیا گیا جس میں مرا ہوا چوہا پایا گیا۔
کھانا کھانے کے بعد 9 طلباء کی صحت خراب ہونے لگی اور دوسروں نے بے چینی کی شکایت کی۔ متاثرہ طلباء کو علاج کے لئے ضلع ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔ ہاپور کی ایک تنظیم جن کلیان سیوا سمیتی کی جانب سے اسکول میں مڈ ڈے میل کے لئے غذا فراہم کی جاتی ہے۔ گزشتہ ہفتہ سونبھدرا ضلع کے سرکاری پرائمری اسکول میں بھی انتہائی خراب دودھ سربراہ کیا گیا تھا۔ بتایا گیا کہ ایک لیٹر دودھ میں ایک بالٹی پانی ملاکر 81 بچوں کو دیا گیا تھا۔ اسی طرح مرزاپور کے ایک اسکول میں مڈ ڈے میل کے نام پر بچوں کو صرف روٹی اور نمک دیا گیا تھا۔