اترپردیش میں بی جے پی کی کامیابی میں وائی ستیہ کمار کا اہم رول

   

آندھرا پردیش کے بی جے پی قائد کی بوتھ سطح پر انتخابی مہم کا مثبت اثر
حیدرآباد۔11مارچ(سیاست نیوز) اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی میں تلگو ریاست آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کارکن وائی ستیہ کمار کا اہم رول رہا ہے جنہیں پارٹی کی جانب سے 135 حلقہ جات اسمبلی کی بوتھ سطح پر تشہیر اور امیدواروں کے لئے کام کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔وائی ستیہ کمار جو کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرگرم کارکن ہیں اور مسٹر وینکیا نائیڈو کے نائب صدر جمہوریہ بننے سے قبل تک ان کے شخصی مددگار کی حیثیت سے خدمات انجام دیا کرتے تھے نے سابق میں کرناٹک ‘ کیرالہ اور دیگر ریاستوں میں بھی بھارتیہ جنتاپارٹی کی انتخابی مہم کی تیاری اور دیگر امور کے سلسلہ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست آندھراپردیش کے علاقہ پروڈوتور سے تعلق رکھنے والے وائی ستیہ کمار کو بھارتیہ جنتا پارٹی نے اترپردیش میں 135نشستوں کی تشہیری مہم اور بوتھ سطح پر تیاریوں کی ذمہ داری تفویض کی تھی اور انہوں نے انتخابات کے دوران نہ صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی تیار کی بلکہ اپنے سوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعہ سماد وادی پارٹی اور اکھلیش یادو کی سیاست کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہے ہیں ۔ستیہ کمار کا کہناہے کہ اکھلیش یادو نے اترپردیش انتخابات کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی اور انہو ںنے مسلم۔ یادو اتحاد کا نظریہ پیش کیا اس کے برخلاف بھارتیہ جنتا پارٹی نے ترقی ‘ مساوات اور پرامن ماحول تیار کرنے میں حکومت کے کردار کو پیش کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ستیہ کمار نے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے مخالف بی جے پی پروپگنڈہ کو مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ کانگریس کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ پرینکا گاندھی نے خود کو چیف منسٹر کے چہرہ کے طور پر پیش کیا لیکن اس کے باوجود کانگریس کو صرف دو نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور گذشتہ انتخابات میں حاصل ہونے والے ووٹ کا محض نصف فیصد ووٹ حاصل ہوا ہے جو کہ بی جے پی کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔م