اترپردیش میں تمام 80 لوک سبھا نشستوں سے مقابلہ ‘ کانگریس کا اعلان

,

   

اتحاد کی خواہاں بی جے پی سے مقابلہ کی اہلیت رکھنے والی جماعتوں سے اتحاد بھی ممکن ۔ پارٹی جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد کا بیان

لکھنو 13 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے قائم کئے گئے مخالف بی جے پی اتحاد سے دور رکھے جانے کے ایک دن بعد کانگریس نے آج اعلان کیا ہے کہ وہ اترپردیش میں اپنے طور پر تمام 80 لوک سبھا نشستوں سے مقابلہ کریگی ۔ تاہم پارٹی نے دیگر سکیولر جماعتوں سے اتحاد کا امکان برقرار رکھا ہے اور کہا ہے کہ اگر کوئی سکیولر جماعت جو بی جے پی سے مقابلہ کی طاقت رکھتی ہے اور وہ کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنا چاہتی ہے تو اس کو ساتھ ملایا جائیگا ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارچ اترپردیش امور غلام نبی آزاد نے یہاں پارٹی قائدین کے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی اترپردیش میں لوک سبھا کی تمام 80 نشستوں سے مقابلہ کریگی اور بی جے پی کو شکست دیگی ۔ غلام نبی آزاد نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ کانگریس پارٹی کو اس بار 2009 میں حاصل کردہ لوک سبھا نشستوں سے دوگنی تعداد میں نشستیں حاصل ہونگی ۔ کانگریس نے 2009 میں یو پی سے لوک سبھا کی 21 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس سوال پر کہ آیا ان کی پارٹی دوسری جماعتوں سے اتحاد کریگی آزاد نے کہا کہ اگر کوئی جماعت کانگریس کے ساتھ آنا چاہتی ہے اور کانگریس کو یہ احساس ہو کہ وہ پارٹی بی جے پی سے مقابلہ کرسکتی ہے تو پھر اسے بھی اپنے ساتھ لیا جائیگا ۔

اترپردیش میں بی جے پی کے خلاف ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد میں کانگریس کو نظر انداز کردینے سے متعلق سوال کے جواب میں آزاد نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس اتحاد کا حصہ بننا چاہتی تھی لیکن اگر کوئی ساتھ چلنا پسند نہ کرے تو کچھ نہیں کیا جاسکتا ۔ ایس پی ۔ بی ایس پی سے مابعد انتخابات اتحاد سے متعلق سوال پر آزاد نے کہا کہ قومی سطح پر کانگریس ‘ تمام سکیولر علاقائی جماعتوں کا خیرمقدم کرتی ہے ۔ ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد کے تعلق سے ایک اور سوال پر آزاد نے کہا کہ کانگریس ورکرس مایوس نہیں ہیں بلکہ وہ خوش ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ اگر کانگریس اس اتحاد کا حصہ ہوتی تو اسے 25 نشستوں پر مقابلہ کرنا پڑتا لیکن اب کانگریس پارٹی تمام 80 نشستوں پر مقابلہ کریگی ۔ راشٹریہ لوک دل کے ساتھ اتحاد کے امکانات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر ابھی ذرائع ابلاغ میں کچھ کہنا نہیں چاہتے ۔ اس دوران کانگریس پارٹی نے ریاست میں اپنے کیڈر میں جوش پیدا کرنے اور پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے منصوبہ بھی تیار کیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر راہول گاندھی ریاست میں جملہ 13 ریلیوں سے خطاب کرینگے ۔ پارٹی منصوبوں کے مطابق راہول گاندھی اترپردیش کے 13 زونس میں 13 ریلیوں سے ماہ فبروری میں خطاب کرینگے ۔ ہر زون میں چھ لوک سبھا نشستوں کا احاطہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کانگریس اور بی جے پی کے مابین ہیں اور ہم ہمخیال جماعتوں کی تائید حاصل کرینگے اور جو لوگ بی جے پی سے مقابلہ کر رہے ہیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ راہول گاندھی مغربی یو پی میں ریلیوں کا آغاز کرینگے اور پہلے مرحلے میں ہاپور ‘ مرادآباد اور سہارنپور میں وہ ریلیوں سے خطاب کرینگے ۔ راہول گاندھی نے کل ہی ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد کے اعلان کے بعد کہا تھا کہ وہ ان دونوں جماعتوں کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور اب یہ کانگریس پر ذمہ داری ہوگی کہ وہ خود کو ریاست میں کس حد تک مضبوط بناسکتی ہے ۔