اترپردیش میں شہروں کے ناموں کی تبدیلی کے بعد بھگوا رنگ کی مہم

   

مکانات اور تجارتی ادارے نشانہ ، اعتراض پر وزیر کے احکام کا بہانہ
حیدرآباد۔ اترپردیش میں شہروں کے ناموں کی تبدیلی کے بعد اب سڑکوں پر موجود مکانات اور تجارتی اداروں کو بھگوا رنگ کرنے کی مہم شروع ہوچکی ہے۔ ریاست اتر پردیش کے شہر الہ آباد جس کا نام یوگی حکومت نے تبدیل کرتے ہوئے پریاگ راج رکھا ہے اس شہر میں پولیس کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں مکان کو جبری طور پر بھگوا رنگ کرنے کی شکایت کی گئی ہے ۔ پریاگ راج جو کہ ریاستی وزیرنند گوپال نندی کا علاقہ ہے اس علاقہ میں مکانات کو زعفرانی رنگ کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ترقیاتی کاموں کے حصہ کے طور پر یہ کاروائی کی جارہی ہے لیکن بھگوا رنگ کئے جانے کے علاوہ ان مکانات پر مخصوص مذہب کے نشانات بھی لگائے جانے لگے ہیں جس پر ایک شہری نے اس بات کی شکایت کی کہ ان کی مرضی کے خلاف ان کے گھر کے رنگ کو تبدیل کردیا گیا ہے ۔ گھر کو زعفرانی کرنے پر اعتراض کی صورت میں عملہ نے دعوی کیا کہ ریاستی وزیر کے احکام پر وہ اس علاقہ کو زعفرانی رنگ میں رنگ رہے ہیں اور یہ ترقیاتی کاموں کا حصہ ہے لیکن دونوں جانب سے کئی گئی شکایت کے بعد محکمہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور عہدیداروںنے بتایا کہ شکایات کا جائزہ لینے اور معاملہ کی تحقیقات کے بعداس سلسلہ میں کوئی کاروائی کی جائے گی۔