اترپردیش میں مجلس کیساتھ اتحاد کرنے والے اوم پرکاش راج بھر کو یوگی حکومت میں وزارت

   

چیف منسٹر یوپی اور امیت شاہ سے ملاقات، اوبی سی مردم شماری کی مہم چلانے پر ذات اور آبادی کی بنیاد پر رتبہ

حیدرآباد۔5۔نومبر۔(سیاست نیوز) اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2022 مجلس کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینے والے اوم پرکاش راج بھر اب اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کا حصہ بننے کی تیاری کررہے ہیں۔ اوم پرکاش راج بھر نے اترپردیش اسمبلی انتخابات 2022 کے دوران صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ اتحاد کیا تھا اور بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اپنی دوراندیشی و سیاسی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پسماندہ و دلت طبقات کو ساتھ لیکر اترپردیش اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ انتخابات سے عین قبل اوم پرکاش راج بھر نے سماج وادی پارٹی سے اتحاد کرتے ہوئے مجلس کا ساتھ چھوڑدیا تھا ۔ اسمبلی انتخابات کے بعد اوم پرکاش راج بھر جو کہ اسد الدین اویسی ‘ اکھلیش یادو کے ساتھ یہ دعویٰ کررہے تھے کہ علاقائی سیاسی جماعتیں تشکیل حکومت میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں اور جہاں علاقائی سیاسی جماعتیں ہیں وہاں علاقائی سیاسی جماعتوں کو کامیاب کرنے کی حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے ۔ انہوں نے انتخابات کے بعد اپنے 6ارکان اسمبلی کے ساتھ بی جے پی کی تائید کا فیصلہ کرلیا اور اب 12 نومبر کو اوم پرکاش راج بھر یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں کابینی وزیر بننے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ اور امیت شاہ سے اوم پرکاش راج بھر کی 2 دور کی بات چیت ہوچکی ہے اور او پی راج بھر کی پارٹی سہیل دیوبھارتیہ سماج پارٹی کے 6میں 3 ارکان اسمبلی کو اترپردیش کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جلد ہی اس پر عمل آوری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کانگریس کی جانب سے اوبی سی مردم شماری اور آبادی کے تناسب سے حصہ کی مہم چلائے جانے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے اترپردیش میں ذات اور آبادی کی بنیاد پر وزارتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا حوالہ دینے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ ہندستان بھر میں یہ پیغام دیا جاسکے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی آبادی کے تناسب کے اعتبار سے حقوق کی فراہمی کے حق میں ہے اور وہ بھی اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات میں مصروف ہے۔
بی جے پی اور او پی راج بھر کی پارٹی کے قائدین کا کہناہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے اتحاد کو اترپردیش میں سال 2024 کے دوران تمام 80نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ او پی راج بھر جو کہ مجلس اور سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرچکے تھے اب بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد حکومت کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔