اترپردیش میں مسجد کے امام کا گولی مارکر قتل

   

مرادآباد: اترپردیش کے مراد آباد میں ایک دل دہلادینے والی واردات پیش آئی جس میں ایک مسجد کے امام صاحب جاں بحق ہوگئے۔ مسجد میں امامت کرنے والے مولانا محمد اکرم فون کرکے شرپسندوں نے گھر کے باہر بلایا اور انہیں ملاقات کے بہانے لیجاکر ان پر فائرنگ کردی۔ شرپسندوں نے گذشتہ شب بھینیسا گاؤں میں مولانا اکرم کو گولی مارکر قتل کردیا اور فرار ہوگئے، جس کے بعد علاقہ میں دہشت کا ماحول ہے۔مولانا اکرم بھینسیا گاؤں کی بڑی مسجد میں گذشتہ 15 برسوں سے امامت کے فرائض انجام دے رہے تھے، جبکہ ان کا تعلق رامپور سے تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 6 بچے شامل ہیں۔مولانا اکرم کی اہلیہ کے مطابق رات دیر گئے شرپسندوں نے فون کرکے مولانا کو گھر کے باہر بلایا تھا، جب وہ گھر سے باہر گئے تو انہیں کہیں لے جایا گیا اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس کو گاؤں کے ہی کھنڈر سے مولانا کی لاش ملی۔ پولیس نے ملزمین کی فوری گرفتاری کا تیقن دیا ہے۔ اترپردیش میں صرف تین دنوں میں اس طرح کی یہ دوسری واردات ہے، قتل ازیں پرتاپ گڑھ کے سون پور گاوں میں ہفتہ کے روز شرپسندوں نے مولانا فاروق کو لوہے کی سلاخ سے مار مار کر قتل کر دیا تھا۔