سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے دعوی کیا ہے کہ غریب اور کسان مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کو شکست دینے کے لئے کانگریس اترپردیش میں ’’ عظیم اتحاد‘‘ کا حصہ ہے۔ راشٹریہ لوک دل( آر ایل ڈی) نائب صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ ’’ ہم پہلے سے کہتے آرہےہیں کہ بی جے پی کو ہٹانے کی لڑائی میں کانگریس ہمارے ساتھ اتحاد میں شامل ہے۔ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی(ایس پی)، بہوجن سماج پارٹی، راشٹریہ لوک دل( آر ایل ڈی) اور کانگریس کے ساتھ مل کر انتخاب میں حصہ لیں گے۔ کانگریس کے لئے ہم نے پہلے ہی دو سیٹیں امیٹھی اور رائے بریلی چھوڑ رکھی ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ آر ایل ڈی متھرا، باغپت اور مظفر نگر میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ ایس پی کے کوٹے سے مزید ایک سیٹ آر ایل ڈی کو دئے جانے کے سوال پر اکھلیش نے کہا’’ کوٹے کی لڑائی تو انتخاب کے بعد لڑی جائے گی۔ ابھی تو بی جے پی کے خلاف یہ چار پارٹیوں کا سنگم ہے۔
کانگریس کے ذریعہ خود کو اس اتحاد کا حصہ نہ ماننے کے سوال سے کنارہ کشی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحاد کی کچھ پالیسیاں اور نظریات کانگریس سے میل کھاتی ہیں۔ مرکزکی مودی حکومت پر فوجی کاروائی کا کریڈٹ لئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے ایس پی سربراہ نے کہا کہ ملک کی فوج پر ہر کسی کو ناز ہے لیکن کسی بھی سیاسی پارٹی ملکی مفاد سے جڑے مسئلے سے فائدہ نہیں اٹھانے دیا جائے گا۔
اس موقع پر آر ایل ڈی جینت چودھری نے کہا کہ ان کی پارٹی کے کارکن ریاست کی سبھی 80 سیٹوں پر ایس پی ۔بی ایس پی اور آر ایل ڈی امیدواروں کی جیت کے لئے دل و جان سے کوشش کریں گے۔ یہ انتخاب کسی سیٹ کے لئے نہیں بلکہ بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا ہے۔