اترپردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ مشکل میں، الہ آباد ہائی کورٹ نے بھیجا نوٹس

   

لکھنؤ: اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ مشکل میں نظر آ رہے ہیں۔ انہیں گھر پر ناجائز قبضے کے مقدمے میں ملزم بنایا گیا ہے۔ اس عرضی کی بنیاد پر الہ آباد ہائی کورٹ نے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کو بھی عرضی پر جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق، وشنو مورتی ترپاٹھی کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے راکیش گپتا اور انجنا گپتا سے کالندی پورم، الہ آباد میں واقع مکان خریدا تھا۔ لیکن بعد میں نائب وزیر اعلی موریہ کے کہنے پر عرضی گزار کا مکان خالی کر دیا گیا اور کنتی دیوی نامی خاتون کو قبضہ دے دیا گیا۔ درخواست گزار نے گھر کی خریداری سے متعلق دستاویزات بھی عدالت میں پیش کیں ہیں۔