ووٹ تقسیم کرنے مجلس کا 100 نشستوں پر مقابلہ،وزراء ریت اسکام میں ملوث، ٹریننگ کیمپ سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/10نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کو دوبارہ برسراقتدار لانے کے سی آر نے مودی سے معاہدہ کیا ہے۔ معاہدہ کے تحت مجلس 100 نشستوں پر مقابلہ کریگی تاکہ اپوزیشن ووٹ تقسیم کرکے بی جے پی کی کامیابی کی راہ ہموار کی جاسکے۔ کانگریس کے دو روزہ ٹریننگ کیمپ سے خطاب میںریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کسانوں و پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنا کر ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ دونوں میں ملی بھگت ہے اور کے سی آر نے مودی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین اور خود امیت شاہ نے کے سی آر حکومت پر بدعنوانیوں کا الزام عائد کیا تھا لیکن آج تک تحقیقات کا اعلان نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے بنڈی سنجے کو 6 حصے کردینے کی دھمکی دی لیکن بنڈی سنجے اور ڈی اروند خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی تلنگانہ میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے خوف سے ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سی آر کی بے قاعدگیوں کا ثبوت پیش کرنے تیار ہے۔ بنڈی سنجے کو چاہیئے کہ وہ امیت شاہ سے ملاقات کا وقت مقرر کریں۔ انہوںنے آبپاشی پراجکٹس میں دھاندلیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مودی اور امیت شاہ کو سنجیدگی ہو تو وہ کالیشورم اور پالمور رنگاریڈی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیں۔ انہوں نے کشن ریڈی کو چیلنج کیا کہ وہ سی بی آئی تحقیقات کیلئے امیت شاہ پر دباؤ بنائیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹاملناڈو اسمبلی الیکشن میں کے سی آر نے بی جے پی کو فنڈز فراہم کئے تھے جو کشن ریڈی نے منتقل کئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاور پراجکٹس کی تعمیر میں بھی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ گچی باؤلی و نارسنگی میں قیمتی زمین کے سی آر نے قریبی افراد کو الاٹ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء ریت اسکام میں ملوث ہیں۔ نکلس روڈ پر سنجیویا پارک کو سرینواس یادو نے اپنے قبضہ میں رکھا ہے۔ یادگار شہیدان تلنگانہ کی تعمیر میں بے قاعدگیاں ہوئیں۔ انہوں نے کارکنوں اور قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی بدعنوانیوں سے عوام کو واقف کرائیں اور کانگریس کی جدوجہد میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مرکز اور ریاست میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی کی منظوری سے حیدرآباد میں آئندہ سال اے آئی سی سی پلینری سیشن کے انعقاد کی مساعی کی جائیگی۔ اجلاس میں پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ کے علاوہ ممتاز دانشور پروفیسر ناگیشور راؤ نے مختلف عنوانات پر خطاب کیا۔ر
