اقلیتی بہبود کیلئے کانگریس حکومت سنجیدہ ، ملک اور تلنگانہ کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ حج کمیٹی سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونے والے قافلہ کو حج ہاؤز نامپلی سے وداع کیا۔ اتم کمار ریڈی نے عازمین سے ملاقات کی اور ملک کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ ، صدرنشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم اور دوسرے موجود تھے۔ مولانا مفتی صادق محی الدین نے عازمین سے خطاب کیا اور مناسک حج کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے اس موقع پر خصوصی دعا کی۔ اتم کمار ریڈی نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کیلئے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ کے تمام عازمین بحفاظت واپس ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایک مرتبہ فریضہ حج کی ادائیگی کے جذبہ کی تکمیل کا موقع فراہم ہوا ہے۔ حکومت آپ کے ساتھ ہے اور تمام ضروری انتظامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عازمین کیلئے جو بھی سہولتیں درکار ہیں، وہ مکمل کی جائیں گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت اقلیتوں کی بھلائی کیلئے سنجیدہ ہے۔ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی وداعی کیلئے مجھے مدعو کیا گیا اور میں اسے اپنے لئے خوش قسمتی تصور کرتا ہوں۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ ملک اور تلنگانہ کی ترقی اور عوامی کی خوشحالی کے علاوہ امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اپنا زیادہ تر وقت عبادت اور دعاؤں میں صرف کریں۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی کو تہنیت پیش کی گئی۔ انہوں نے عازمین حج کی خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔1