اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین کے ساتھ کونڈاپوچما ساگر پراجکٹ کا معائنہ کیا

,

   

شگاف کی اعلی سطحی تحقیقات کا مطالبہ، غیر معیاری تعمیرات کا الزام
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج پارٹی قائدین کے ہمراہ سدی پیٹ ضلع کے کونڈا پوچما ساگر پراجیکٹ کا معائنہ کیا جس کے کنال میں شگاف کے سبب کئی مواضعات میں فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے رکن کونسل ٹی جیون ریڈی، پارٹی ورکنگ پریسڈنٹ پونم پربھاکر اور دیگر مقامی قائدین کے ہمراہ کونڈا پوچما ساگر کے اس علاقے کا دورہ کیا جہاں کنال کو نقصان کے سبب پانی دیہاتوں میں داخل ہوگیا۔ انہوں نے کنال میں شگاف کی اعلی سطحی تحقیقات اور مکانات اور فصلوں کو نقصان پر فوری معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت آبپاشی پراجیکٹس کے نام پر غیر معیاری کام انجام دے رہی ہے اور اسے صرف کنٹراکٹرس سے کمیشن کی فکر ہے۔ انہوں نے متاثرہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں اور گائوں والوں سے بات چیت کی۔ مقامی افراد نے شکایت کی کہ ابھی تک کسی عہدیدار نے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ نہیں لیا ہے۔ پانی داخل ہوجانے کے سبب فصلوں اور مکانات کو بھاری نقصان ہوا۔ یہ مواضعات چیف منسٹر کے فارم ہائوز ایرا بلی سے متصل ہیں۔ سکیوریٹی عملے نے گائوں والوں کو فارم ہائوز جانے والے سڑک پر قیام کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے انجینئرنگ چیف اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام نقصانات کنٹراکٹر سے وصول کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا پوچما ساگر ذخیرہ آب کالیشورم پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کا 29 مئی کو چیف منسٹر نے افتتاح کیا تھا۔ 12 جون کو رائیٹ اور لیفٹ کنال میں شگاف پڑ گیا جس سے پراجیکٹ میں غیر معیاری کاموں کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اریگیشن پراجیکٹس کے نام پر کئی ہزار روپئے ضائع کررہی ہے۔ اس نے تلنگانہ عوام کے مفادات کو گروی رکھ دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے حیرت کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر کی نمائندگی والے اسمبلی حلقے میں جب اس قدر غیر معیاری کام انجام دیئے جارہے ہیں تو دیگر علاقوں کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی کے رویہ پر برہمی ظاہر کی اور کہا کہ وہ آئی اے ایس عہدیدار سے زیادہ ٹی آر ایس کارکن کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ آبپاشی پراجیکٹس میں بے قاعدگیوں کو کانگریس پارٹی بے نقاب کرے گی۔