گاندھی بھون میں آغاز، اضلاع میں ضلعی صدور بھوک ہڑتال کریں گے
حیدرآباد ۔4 ۔ مئی(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے کل ریاست گیر سطح پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی 5 مئی کو 10 بجے دن گاندھی بھون میں بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے جبکہ ہر ضلع ہیڈکوارٹرس پر ضلع کانگریس صدور بھوک ہڑتال کریں گے ۔ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی اور خاص طور پر پیداوار کی خریدی میں تاخیر اور اقل ترین امدادی قیمت کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست گیر سطح پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ، ا رکان اسمبلی کے علاوہ سینئر قائدین بھوک ہڑتال میں حصہ لیں گے۔ ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقہ جات میں بھوک ہڑتال کریں گے جبکہ اسمبلی حلقوں کے انچارج اور پردیش کانگریس کے عہدیدار بھی بھوک ہڑتال میں شریک ہوں گے۔ اتم کمار ریڈی نے ایک روزہ بھوک ہڑتال کے سلسلہ میں پارٹی قائدین سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگر کھلے مقامات پر بھوک ہڑتال کی اجازت نہ دی جائے تو اپنے مکانات میں بھوک ہڑتال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بھوک ہڑتال کیمپس میں سماجی فاصلہ کو برقرار رکھا جائے اور وائرس سے متعلق تمام احتیاطی قدم اٹھائے جائیں۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے کسانوں کے حق میں ریاست گیر سطح پر ایجوکیشن کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں بھوک ہڑتال کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔