اتم کمار ریڈی کی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی سےملاقات، بات چیت ناکام!

   

حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر ناراض رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو منانے آج سابق تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی اور اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی ان کی قیامگاہ پہنچے۔ دونوں نے علحدہ علحدہ اور ساتھ میں راج گوپال ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی سے مستعفی ہونے میں جلدبازی نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ پارٹی عہدوں کی تقسیم میں ناانصافی ہونے کا جو دعویٰ کیا جارہا ہے، اس پر غور کرنے کیلئے پارٹی ہائی کمان تیار ہے۔ دہلی پہنچ کر راہول گاندھی سے ملاقات کرنے کا مشورہ دیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ریاست میں کانگریس کا موقف بہتر ہے اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست دی جاسکتی ہے۔ لہٰذا وہ پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہیکہ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اپنے فیصلہ پر اٹل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مذاکرات کیلئے دہلی نہیں آئیں گے۔ اگر راہول گاندھی حیدرآباد پہنچ کر ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ملاقات کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے مگر اب کافی دیر ہوگئی ہے اور وہ اب کافی دور نکل چکے ہیں واپس لوٹنا ممکن نہیں ہے۔ موجودہ کانگریس قیادت چیف منسٹر کے سی آر کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ صرف بی جے پی ہی ٹی آر ایس سے مقابلہ کرسکتی ہے۔وہ اپنے اسمبلی حلقہ کی ترقی چاہتے ہیں ان کے اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے پر ضمنی انتخابات کی تیاری کیلئے حکومت اسمبلی حلقہ منگوڈو کی ترقی پر توجہ دے گی اس لئے وہ خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ن