اجمیر درگاہ علاقہ سے غیر قانونی قبضے ہٹائے گئے

   

عرس شریف سے قبل زائرین کی سہولت کیلئے میونسپل کارپوریشن کی کارروائی

جئے پور۔30نومبر(ایجنسیز)راجستھان کے اجمیر میں ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے ہفتہ کے روز درگاہ علاقہ میں کیے گئے تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کو مسمار کیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق میونسپل کمشنر کی ہدایات پر اور ضلع پولیس کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ہمانشو کی موجودگی میں کارپوریشن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر کے ساتھ آئے عملہ نے درگاہ علاقہ میں ہو رہے مستقل تجاوزات کو منہدم کر دیا۔ بھاری پولیس فورس کے ساتھ جے سی بی مشینوں کا کارپوریشن دستہ موقع پر پہنچا اور دکانوں کو کارپوریشن کی مقررہ حدود سے باہر سے ہٹا دیا۔درگاہ بازار، دھان منڈی، اندرکوٹ اور کئی دیگر علاقوں میں دن بھر تجاوزات کے خلاف وسیع کارروائی جاری رہی۔ بعض مقامات پر انتظامیہ کی اس کارروائی کی مخالفت بھی ہوئی لیکن بھاری پولیس بندوبست کے باعث کوئی مخالفت زیادہ دیر ٹِک نہ سکی اور کارروائی کامیابی سے مکمل کی گئی۔کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ خواجہ صاحب کے سالانہ عرس سے قبل درگاہ علاقہ میں تجاوزات ہٹانے کیلئے انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے اس مہم کی منظوری دی تھی۔ اس کارروائی سے خواجہ غریب نوازؒ کے عرس میں آنے والے زائرین کو سہولت ہوگی اور وی آئی پی چادر پیش کرنے والوں کو بھی کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ کارپوریشن اور پولیس کی اس مشترکہ کارروائی میں 200 سے زیادہ جگہوں پر کیے گئے مستقل تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کو ہٹایا گیا۔