اجنبی کا چاکلیٹ مہنگا پڑا، عادی سارق گرفتار

   

لوگوں کو خواب آور گولیاں کھلاکر چوریاں کرنے والے کا اقبال جرم
حیدرآباد ۔ /9 اگست (سیاست نیوز) توجہ ہٹاکر ایک شخص سے نقد رقم اور طلائی زیورات اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرنے والے ایک عادی سارق کو عابڈس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ الواجی سریش متوطن ضلع نرمل /24 جولائی کی صبح اپنے دوست تیجا کے ہمراہ طبی معائنے کیلئے گلشن میڈیکل کیر ڈائیگناسٹک سنٹر واقع عابڈس پہونچا تھا ۔ یہاں پر ایک نامعلوم شخص نے سریش کو طبی معائنے سے قبل ناریل پانی پینے کا مشورہ دیا جس کے بعد سریش اور نامعلوم شخص گاندھی بھون میٹرو اسٹیشن کے قریب ناریل کا پانی پینے پہونچے ۔ شاطر سارق نے سریش کو ایک چاکلیٹ کھانے کیلئے دیا اور بعد ازاں وہ بے ہوش ہوگئے ۔ ہوش میں آنے کے بعد سریش کو یہ پتہ لگا کہ اس کی 15 ہزار نقد رقم ، موبائیل فون ، طلائی چین اور پاسپورٹ کا سرقہ کرلیا گیا ہے ۔ سریش نے فوری عابڈس پولیس میں ایک شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کا تفصیلی تجزیہ کرنے کے بعد 47 سالہ محمد اکرم کا پتہ چلا جو پیشہ سے کار ڈرائیور ہے اور مہاراشٹرا ناگپور کا متوطن ہے ۔ تفتیش کے دوران اکرم نے اقبال جرم کرلیا اور یہ بتایا کہ وہ سابق میں اسی قسم کے سرقہ کی وارداتیں علاقہ خیرت آباد ، افضل گنج ، آصف نگر اور نارائن گوڑہ میں بھی کر چکا ہے ۔ تفتیش کے دوران سارق نے یہ بھی بتایا کہ لوگوں کو نشانہ بنانے کیلئے وہ خواب آور گولیوں کا استعمال کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے 9 ہزار نقد رقم اور خواب آور گولیوں والے 3 چاکلیٹس ضبط کرلئے اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔