اجیت ڈوول کا برکس اجلاس میں شرکت کیلئے دورہ روس

   

نئی دہلی: :کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول وزیر اعظم نریندر مودی کے ماسکو اور کیف کے دوروں کے پس منظر میں روس کا دورہ کر رہے ہیں جس میں یوکرین تنازعہ کا حل تلاش کرنے میں ہندوستان کے ممکنہ کردار کا مطالبہ کیا گیا ۔ڈوول در اصل برکس گروپ کے قومی سلامتی مشیروں کی کانفرنس میں شرکت کیلئے روس جارہے ہیں۔ یہ ملاقات روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات کی نئی کوششوں کے درمیان ہو رہی ہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اجیت ڈوول برکس اجلاس کیلئے روس جا رہے ہیں ۔ امکان ہے کہ وہ اپنے روسی ہم منصب سے بھی بات چیت کریں گے اور خطے میں امن قائم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ڈوول کا دورہ روس وزیر اعظم نریندر مودی کے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے ہائی پروفائل دورے کے ڈھائی ہفتے بعد آیا ہے۔اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے کل یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ بھارت اور چین اس تنازعہ کا حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔روسی صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کو روسی شہر ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم میں پینل ڈسکشن میں بھی کہا کہ ثالث کے طور پر روس یوکرین تنازعہ کو حل کرنے میں بھارت، برازیل اور چین اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب ان سے پوچھا گیا کہ روس اور یوکرین کے درمیان ثالث کا کردار کون سے ممالک ادا کر سکتے ہیں۔