احتجاجی ڈاکٹرس سے ریاستی وزیر سیتکا کا اظہاریگانگت، خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات کا تیقن

   

حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ڈی انوسیا سیتکا نے گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کو تیقن دیا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے اقدامات کرے گی۔ سیتکا نے کولکتہ میں ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کے خلاف جاری ڈاکٹرس کے احتجاج سے اظہار یگانگت کیا۔ گاندھی ہاسپٹل میں ایک مریض کی عیادت کیلئے ریاستی وزیر پہنچی تھیں جہاں احتجاجی ڈاکٹرس نے ان سے ملاقات کی۔ سیتکا نے کولکتہ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا تحفظ ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ تلنگانہ حکومت خواتین کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کولکتہ واقعہ کا ملک کے کسی بھی علاقہ میں اعادہ نہ ہو اس کیلئے حکومتوں کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ ڈاکٹرس کی جانب سے ہنگامی خدمات کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے تاہم وزیر پنچایت راج کی اپیل پر ڈاکٹرس نے ایمرجنسی خدمات کو بحال کیا۔1