حیدرآباد18ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں ملازمین کی طاقت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اگر وہ متحدہ جدوجہد کا آغاز کرتے ہیں تو اندرون 48 گھنٹے حکومت کو فیصلہ کو تبدیل کرنے مجبور کیا جاسکتا ہے ۔ٹمریز ملازمین نے اپنی جدوجہد سے ثابت کردیا کہ وہ متحدہ کوشش کے ذریعہ محکمہ فینانس اور حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرسکتے ہیں ۔ محکمہ فینانس نے ٹمریز ملازمین کی تنخواہوں میں تخفیف کے جی او ترمیم کرکے نیا جی او آرٹی 1459 جاری کیا اور اپنے جی او آر ٹی 1437 کے احکام سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ حکومت سے 16 ستمبر کو جاری جی او آر ٹی 1437 کی اجرائی پر ہی ٹمریز کے عملہ نے احتجاج کا آغاز کیا تھا جس پر حکومت نے فیصلہ میں فوری ترمیم کرکے تخفیف کی گئی تنخواہوں سے دستبرداری اختیار کرنے نیا جی او جاری کیا ۔ محکمہ فینانس سے نئے جی او کی اجرائی پر ٹمریز کے عملہ نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اس جی او کو وائرل کرنا شروع کردیا ہے ۔ ٹمریز کے عملہ نے جی او کی اجرائی پر بروقت احتجاج کا آغاز کیا جس پر حکومت کو مجبور ہوکر نیا جی او جاری کرنا پڑا ۔