احتیاطی قواعد کیخلاف ورزی پر سعودی سے بیدخلی کی سزا

,

   

ریاض۔6مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلیے مقرر حفاظتی اقدامات اور انتظامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سزائیں اور سرزنش کے ضابطے مقرر کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بیان جاری کرکے خلاف ورزیوں اور ان کی سزاؤں کی جو تفصیلات بیان کی ہیں ان میں قید وجرمانے کے علاوہ مملکت سے بیدخلی شامل ہے۔ وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ اگر مقرر کردہ ضابطوں میں سے کسی ایک کی خلاف ورزی کرنے والا مملکت میں مقیم غیرملکی ہوگا تو اسے سعودی عرب سے بے دخل کردیا جائے گا اور سزا کاٹنے کے بعد اسے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔خلاف ورزیوں میں سے کسی ایک پر مقرر سزا لاگو کرنے سے کوئی اور شرعی یا قانونی سزا متاثر نہیں ہوگی۔ بیان کے مطابق جرمانے کی سزاؤں، ادارہ بند کرنے اور بیدخلی کی سزا کا فیصلہ وزیر داخلہ کریں گے یا وہ عہدیدار کرے گا جس کا وہ اسے اختیار تفویض کریں گے۔ سزاؤں کا اعلان ہر علاقے میں ہر روز کیا جائے گا۔کورونا کے حفاظتی اقدامات یا احتیاطی انتظامات کی خلاف ورزی کرنے والے کو سزادلانے کا معاملہ پبلک پراسیکیوشن کو بھیجا جائے گا جہاں سے خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر انصاف ایک یا اس سے زیادہ کمیٹی داد رسی کے لیے تشکیل دیں گے۔کمیٹی سعودی قوانین اور شرعی امور کے تین ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ وزارت داخلہ نے بیان میں یہ بھی کہا کہ یہ کمیٹی ادارہ بند کرنے کی سزایا جرمانے کی سزا کے فیصلوں کے خلاف انصاف طلب کرنے والوں کی درخواستیں نمٹائے گی۔جرمانے یا ادارہ بند کرنے کی سزا کے خلاف مبینہ کمیٹی کے سامنے داد رسی کی جاسکتی ہے۔فیصلے کی اطلاع ملنے کے چند روز کے اندر کمیٹی سے رجوع کرنا ہوگا۔

کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہوگا جسے کسی بھی ادارے کے سامنے چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ بیان کے مطابق مقرر کردہ ضابطوں کی خلاف ورزی پرقید کی سزا کورونا کی وبا کے ہنگامی حالات ختم ہونے کے بعد دی جائے گی۔خانگی کمپنی کے نگراں ادارے اور سیکیورٹی فورس کے عہدیدار مبینہ خلاف ورزیوں کی رپورٹ بنائیں گے۔چالان کاٹیں گے اور مقدمہ تیار کرکے ضروری کارروائی کے لیے وزارت داخلہ کو بھیجیں گے۔وزارت داخلہ کے عہدیدار نے کہا کہ جلد ہی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی کا لائحہ عمل جاری کردیا جائے گا جو شخص بھی اجتماعات پرپابندی کے احکام کی خلاف ورزی کرے گا اس سے ایک ہزار ریال سے لیکر ایک لاکھ ریال تک جرمانے یا ایک ماہ سے ایک برس تک قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جائیں گی۔