احسان مانی پی ایس ایل میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے خواہاں

   

نئی دہلی۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی ہندوستانی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں دیکھنے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی کو اس حوالے سے خیرسگالی جذبے کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ ہندوستانی میڈیا سے گفتگو میں احسان مانی نے کہا کہ تین سیزن کی زبردست محنت کے بعد پاکستان سوپر لیگ ایک برانڈ کا درجہ اختیار کر چکی ہے مگر بدقسمتی سے اس میں ہندوستانی کھلاڑی موجود نہیں جن کی اپنی دیگر مصروفیات ہیں اور انہیں ایونٹ میں کھیلتا دیکھ کر انہیں بہت زیادہ خوشی ہو گی۔ بی سی سی آئی کی جانب سے پلیئرز کو غیر ملکی لیگز میں شرکت کی اجازت نہ ملنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ وقت کے ساتھ حالات میں بہتری آئے گی اور جس طرح دنیا بھر کے کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کیلئے ہندوستان آتے ہیں اسی طرح بی سی سی آئی کو بھی خیرسگالی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو اجازت دینی چاہئے تاہم فوری طور پر ایسا ہونا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔