احمدآباد بینک کا مقدمہ ہتک عزت ، راہول گاندھی کی ضمانت منظور

,

   

جج کے سوال پر کانگریس لیڈر نے خود کو بے قصور قراردیا، وکیل کی درخواست ضمانت کی پیشکشی پر فیصلہ
احمدآباد۔12جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی کو ایک مقامی عدالت نے ضمانت منطور کردی جب انہوں نے ہت عزت کے ایک مقدمہ میں خود کو بے قصور قراردیا۔ یہ مقدمہ احمد آباد ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو بینک اور اس کے چیرمین نے دائر کیا تھا۔ اس بینک کے ڈائرکٹرس میں مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ بھی شامل ہیں۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا تھا کہ اس بینک میں نوٹ بندی کے بعد 750 کروڑ منسوخ شدہ نوٹوں کو 8 نومبر 2016 ء کو کئے گئے نوٹ بندی کے اعلان کے بعد اندرون پانچ دن دیگر نوٹوں سے تبدیل کیا تھا۔ ایڈیشنل چیف میٹروپالیٹن مجسٹریٹ این بی منشی نے جمعہ کو راہول گاندھی سے دریافت کیا کہ آیا وہ ان الزامات کو قبول کرتے ہیں جس پر انہو ںنے نفی میں جواب دیا بعد ازاں ان کے وکیل نے ضمانت کی درخواست پیش کی جس کو منظور کرلیا گیا۔ راہول گاندھی نے گزشتہ سال ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’’مبارک ہو امیت شاہ جی، ڈائرکٹر احمد آباد ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو بینک کو پرانے نوٹوں کی نئے نوٹوں سے بدلنے کی دوڑ میں پہلا مقام حاصل ہوا، 750 کروڑ روپئے صرف پانچ دن میں بدل دئے گئے، جبکہ لاکھوں ہندوستانیوں کی زندگیاں نوٹ بندی کے سبب تباہ ہوگئیں اور آپ کی کامیابی کو سلام کرتا ہوں۔‘‘ کانگریس لیڈر نے جو ملک کے مختلف حصوں کی عدالتوں میں بھی ہتک عزت کے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں، آج دن میں اس عہد کا اظہار کیا تھا کہ وہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے زعفرانی نظریات کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے طنز کے طور پر سنگھ پریوار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ نے مختلف مقامات پر عوام سے رجوع ہونے میں مدد کی ہے۔