احمد آباد میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی خودکشی

   

احمد آباد۔20؍جولائی( ایجنسیز)گجرات کے احمد آباد میں اتوار کو ایک ہی خاندان کے 5 لوگوں نے مبینہ طور پر زہر کھا کر خودکشی کرلی۔ مہلوکین میں شوہر‘بیوی، 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور جانچ میں لگ گئی۔ نعشوںکو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ جلد سے جلد ثبوت یکجا کیے جا سکیں۔ اب تک خودکشی کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ایس پی احمد آباد (دیہی) اوم پرکاش جاٹ نے بتایا کہ یہ واقعہ بگودرا گاؤں میں پیش آیا اور پولیس کو اس کی اطلاع دیر رات قریب 2 بجے ملی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی نظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے زہر کھا کر خودکشی کی ہے۔پولیس پڑوسیوں سے پوچھ تاچھ کرکے ثبوت جمع کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ جلد سے جلد اس معاملے کو سلجھایا جا سکے۔