احمد آباد کے کورونا ہاسپٹل میں مہیب آتشزدگی ، 8 مریضوں کی موت

,

   

وزیراعظم کی جانب سے مہلوکین کے ورثاء کو معاوضہ کا اعلان، حادثہ کی تحقیقات کا حکم

گجرات۔احمدآباد کے کورونا ہاسپٹل میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں 8 مریضوں کی موت واقع ہوگئی۔ احمد آباد میں جمعرات کو کورونا کیلئے وقف شدہ ایک ہاسپٹل میں خوفناک آگ لگ گئی۔ اطلاعات کے مطابق، آگ لگنے کے اس واقعہ میں تقریبا 8 مریضوں کے مرنے کی خبر ہے۔ ساتھ ہی 35 مریضوں کو ہاسپٹل سے فوری طور پر دوسرے دواخانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ احمد آباد کے نورنگ پورا کے شریئے اسپتال میں لگی۔ ہاسپٹل کے آئی سی یو یونٹ آگ کی زد میں آگیا۔ آگ لگنے کی وجوہات کا فوری طور پرپتہ نہیں چل پایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، شرئیے ہاسپٹل میں آگ لگنے کا یہ واقعہ علی الصبح پیش آیا۔ آگ کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا لیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آگ کے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم کی طرف سے مرنے والوں کے ورثاء کو فی کس 2-2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50،50 ہزار روپئے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ معاوضہ وزیر اعظم قومی راحت فنڈ سے دیا جائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آگ کے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کر کہا ’ احمد آباد کے دواخانہ میں آگ لگنے سے وہ بہت دکھی ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعظم نے زخمی کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کی۔ صورتحال پر وزیر اعلیٰ اور مئیر سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ واقعہ سے متاثر لوگوں کو انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ مہلوکین میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیںجنہیں کووڈ۔ 19 کے علاج کیلئے آئی سی یو میں شریک کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک 25 سالہ اٹینڈنٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ضعیف مریضوں کی جان بچائی۔