اقتدار کو آئینہ دکھانے والے اخبارپر کارروائی کا الزام‘ راہول گاندھی اور ملکارجن کھر گے کا شدید ردعمل
نئی دہلی۔ 16 مئی (ایجنسیز) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ’گجرات سماچار‘ کے ڈائریکٹر باہوبلی بھائی شاہ کی گرفتاری اور میڈیا ہاؤس پر ای ڈی کی کارروائی کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا ہے۔ ایکس پراپنے پوسٹ میں راہول گاندھی نے سخت الفاظ میں کہاکہ گجرات سماچار کو خاموش کرنے کی کوشش صرف ایک اخبار کی نہیں بلکہ پورے جمہوری نظام کی آواز دبانے کی ایک اور سازش ہے۔ جب اقتدار کو آئینہ دکھانے والے اخباروں پر تالے لگائے جاتے ہیں تب سمجھ لیجیے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔ باہوبلی شاہ کی گرفتاری خوف کی اسی سیاست کا حصہ ہے، جو اب مودی حکومت کی شناخت بن چکی ہے۔ ملک نہ ڈنڈے سے چلے گا، نہ ڈر سے ‘بھارت چلے گا سچ اور آئین سے۔دریں اثنا، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کے ایک حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی جی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا ’تنقید جمہوریت کی روح ہے‘۔ گجرات سماچار ایک 93 سال پرانا ادارہ ہے جس کے بزرگ بانی، باہوبلی بھائی شاہ کو ای ڈی سے گرفتار کرا کے مودی جی نے ثابت کر دیا ہے کہ ’تنقید کرنے والوں کی گرفتاری تاناشاہ کے خوف کی پہلی علامت ہے۔ جس نے بھی اس حکومت کے خلاف آواز اٹھائی اور جس نے بی جے پی سے سمجھوتہ نہیں کیا اسے جیل جانا پڑا۔ حکومت کی جانب سے آزاد میڈیا پر دباؤ ڈال کر اسے اپنے حق میں استعمال کرنا جمہوریت کے لیے مہلک ہے۔