اخلاقی ووٹنگ کیلئے ووٹر بیداری پروگرام ضروری: کے روی کمار

   

رانچی، 10 مارچ (یو این آئی ) جھارکھنڈ چیف الیکٹورل آفیسر کے روی کمار نے تمام ضلعی انتخابی عہدیداروں کو لوک سبھا کے عام انتخابات 2024 کے لئے بوتھ سطح پر بیداری گروپ بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے تمام ضلعی انتخابی افسروں سے کہا کہ لوک سبھا عام انتخابات 2024 قریب ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ ہر پولنگ اسٹیشن پر بنائے گئے بوتھ لیول بیداری گروپوں کو شفاف اور منصفانہ ووٹنگ کیلئے متحرک رکھیں۔ انہوں نے بوتھ لیول سویپ پروگراموں کو ٹھوس شکل دینے اور بوتھ لیول پر ووٹر بیداری کے جامع پروگرام چلانے کے سلسلے میں ہر سطح پر اپنی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی الیکشن افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام بلاکس کے ممبران کے لیے اخلاقی ووٹنگ سے متعلق تربیتی پروگرام منعقد کریں۔