ادارہ سیاست کے دوبہ دو پروگرام سے رشتوں کی تلاش میں آسانیاں

   

دفتر سیاست میں پروگرام ، سینکڑوں والدین و سرپرستوں کی شرکت، مختلف شخصیتوں کاخطاب

رشتوں کے دوبدو پروگرام کی جھلکیاں
٭ حیدرآباد کے مرکزی مقام عابڈز ، دفتر روزنامہ سیاست کے عابد علی خان سنیٹری ہال میں رشتوں کا دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہوا ۔
٭ پروگرام میں لڑکوں اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کروائے گئے اور والدین سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔
٭ پروگرام میں ڈاکٹر محمد ناظم علی ، ڈاکٹر سیادت علی ، جناب الیاس باشاہ نے مخاطب کیا ۔
٭ پروگرام کو یو ٹیوب ، فیس بک پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا اسے بیرونی ممالک اور ملک کے افراد نے دیکھ کر خوشنودی کا اظہار کیا ۔
٭ پروگرام میں بھی والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد موجود تھی جو مختلف کاؤنٹرس پر والدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔
٭ والدین نے پروگرام میں اپنے لڑکوں اورلڑکیوں کے لئے رجسٹریشن کروایا ۔ اُن کی میعاد ایک سال مقرر کی گئی ہے ۔

حیدرآباد : /6 اگست (سیاست نیوز) دفتر روزنامہ سیاست کے عابد علی خان سنیٹری ہال عابڈس میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے رشتوں کا 128 واں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہوا ۔ جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ پروگرام سے اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ والدین اپنے لڑکے اور لڑکیوں کے رشتے کے لئے (فوٹوز اور بائیو ڈاٹا) رجسٹریشن کرواتے ہوئے والدین سے بات چیت کرتے ہوئے رشتہ طئے کرسکتے ہیں جو والدین رجسٹریشن کرواتے ہیں انہیں شناختی کارڈ کی سہولت رہتی ہے جس کی میعاد ایک سال تک رشتے تلاش کرسکتے ہیں ۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مختلف کاؤنٹرس کا معائنہ اور والدین سے بات چیت کی ۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کی فکر لاحق ہوجاتی ہے جس کے لئے وہ اپنے رشتہ داروں اور اخبارات کے ذریعہ رشتہ ڈھونڈتے ہیں لیکن ادارہ سیاست و ملت فنڈ نے جب سے شہر میں دوبدو ملاقات پروگرام کا آغاز کیا تو ان کے لئے آسانیاں پیدا ہوئی ۔ جناب الیاس باشاہ نے کہا کہ لڑکیاں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہورہی ہیں مگر لڑکوں پر کوئی توجہ نہیں ہے جس کے لئے روز بروز لڑکوں کا تعلیمی فیصد گھٹتے جارہا ہے ۔ ڈاکٹر سیادت علی نے کہا کہ ان دنوں ہندوستان جن حالات سے گزررہا ہے اس کا مطالعہ کریں اور اپنے میں خوف و ہراس کو آنے نہ دیں۔ مسلمان دوسروں کے لئے نمونہ بنیں ۔ جب تک انسان اپنے آپ کو نہیں بدلے گا تو وہ اپنے خاندان ، سماج ، معاشرہ ، ریاست ، ملک کو کبھی اور کسی قیمت پر نہیں بدل سکے گا ۔ شہ نشین پر جناب محمد احمد علی ، محمد احمد ، شاہد حسین اور غلام محی الدین فاروقی ، صالح بن عبداللہ با حازق اور دوسرے موجود تھے ۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور پروگرام کی کارروائی چلائی ۔ انجنیئرنگ کاؤنٹر پر پروجیکٹر پر اسکرین کی مدد سے لڑکوں کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹا بتلائے گئے جو ان دنوں بیرونی ممالک آسٹریلیا ، کینیڈا ، امریکہ ، سعودی عرب کی مختلف کمپنیوں میں ملازمت کررہے ہیں۔ کاؤنٹرس پر ڈاکٹر ناظم علی ، عامر ، سیدہ محمدی ، رئیس ، شاہانہ ، ڈاکٹر دردانہ ، صدیق علی ، تسکین ، صالح بن عبداللہ باحازق ، لطیف اسد ، آمنہ ، کوثر جہاں، لطیف النساء ، ثانیہ و اشرف اور دوسروںنے والدین کی رشتوں کے ضمن میں کونسلنگ کی ۔ اس پروگرام میں جناب احمد بشیر الدین فاروقی ، محمد عظمت اللہ خان ، سینئر بی آر ایس و ٹی آر ایس لیڈر جناب ایم ایس ستار گلشنی اور والدین و سرپرستوں کے ساتھ آئے ہوئے پہلی بار رشتہ داروں نے اس پروگرام کو دیکھ کر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ادارہ سیاست و ملت فنڈ کے تعاون سے اس دور میں سہارا بنتے ہوئے والدین کو اُن کے لڑکوں اور لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے لئے سہولت پہنچانے کا کارخیر والا کام بڑی اہمیت کا حامل ملک بھر میں ہونے جارہا ہے تاکہ والدین راست طو رپر ایک دوسرے سے رشتے کے ضمن میں بات چیت کرسکے ۔ کمپیوٹر سیکشن کی مدد سے جو والدین آن لائین رجسٹریشن کرواتے ہیں انہیں رشتے تلاش کرنے کے لئے کاؤنٹر بھی تھا اور آن لائن رجسٹریشن کرنے کی بھی سہولت سیاست ویب سائیٹ اور سیاست ڈاٹ کام کے ذریعہ مہیا کی گئی جس سے والدین نے استفادہ کیا ۔ پروگرام کو راست طور پر فیس بک ، انسٹاگرام ، یو ٹیوب کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا تاکہ ملک بھر کے علاوہ بیرونی ممالک میںمقیم حیدرآباد ، اضلاع اور دیگر ریاستوں کے لوگ آسانی کے ساتھ دیکھ سکے ۔ اس پروگرام کو راست طور پر دیکھنے والوں نے اپنے تاثرات میں لکھا کہ سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام یہ اچھا ، بہتر و کارآمد پروگرام ہے جسے سیاست عرصہ دراز سے سنبھالے ہوئے ملت کے لڑکوں اور لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے اپنا حصہ ادا کررہا ہے ۔ جناب الیاس باشاہ کی قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔