ادلب میں 35 شامی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ : اردغان

   

اسد حکومت کی جانب سے تردید
انقرہ ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شام میں بشار حکومت کے زیر انتظام سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ادلب کے دیہی علاقے میں ترکی کی فوج کی جوابی کارروائی میں شامی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس سے قبل ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے پیر کی صبح ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ادلب میں شامی فوج کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں شامی فوج کے تقریبا 35 ارکان مارے گئے۔واضح رہے کہ ترکی کی وزارت دفاع نے پیر کے روز اعلان میں بتایا کہ شام کے صوبے اِدلب میں اسد کی فوج کی گولہ باری میں 4 تْرک فوجی ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق ترکی کی فوج نے حملے کا جواب دیتے ہوئے مذکورہ صوبے میں “دشمن کے اہداف” کو تباہ کر دیا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ اسد حکومت کی فوج کو ترکی کے فوجی ٹھکانوں کے بارے میں پیشگی مطلع کر دیا گیا تھا تاہم اس کے باوجود اسد کی فوج نے گولہ باری کی۔