ممبئی ، 5 جون (یو این آئی) مہاراشٹر میں آنے والے بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں ریاست کی سیاست میں ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جن کی وجہ سے کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ اسی سلسلے میں اب ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں شیو سینا اور اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم کے درمیان اتحاد کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کی مہاراشٹر یونٹ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں شیو سینا کے ساتھ اتحاد کرے گی۔ کچھ عرصہ قبل ایم ایل اے آدتیہ ٹھاکرے نے تمام غیر عظیم اتحاد جماعتوں سے ریاست کی بھلائی کے لیے اکٹھے ہونے کی اپیل کی تھی، جس کے بعد اب اے آئی ایم آئی ایم نے اتحاد کے حوالے سے مثبت اشارے دیے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے مالیگاؤں ایم ایل اے مفتی اسماعیل قاسمی نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹھاکرے اور اویسی ایک ساتھ آئیں کیونکہ ان کے لیے مذہب کوئی مسئلہ نہیں بلکہ ترقیاتی مسائل پر بات چیت اہم ہے ۔