ادھو ٹھاکرے کا دورہ ایودھیا منسوخ

,

   

مہاراشٹرا حکومت سازی کا عمل جاری
ادھو ٹھاکرے کا دورہ ایودھیا منسوخ
کانگریس، این سی پی اور شیوسینا میں رابطوں کا سلسلہ جاری
ممبئی 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں متبادل حکومت تشکیل دینے این سی پی کی کلیدی کمیٹی کے فیصلہ کے بعد شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے 24 نومبر کو مقررہ اپنا دورہ ایودھیا منسوخ کردیا ہے۔ تشکیل حکومت کے سوال پر تبادلہ خیال کے لئے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے این سی پی سربراہ شردپوار کی ملاقات بھی مقرر کی جاچکی ہے۔ ادھو ٹھاکرے 9 نومبر کو بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی مقدمہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے اعلان کے بعد 24 نومبر کو دورہ ایودھیا کا اعلان کیا تھا لیکن اب کانگریس ۔ این سی پی سے قریب ہونے کے سبب انھوں نے فی الحال یہ دورہ ٹال دیا ہے۔ شیوسینا کے ایک لیڈر نے کہاکہ ’حکومت سازی کا عمل وقت طلب ہے۔ تینوں جماعتوں (کانگریس، این سی پی اور شیوسینا) کے قائدین ملاقاتیں کررہے ہیں۔ وہ حکومت سازی کی سمت پیشرفت کررہے ہیں۔ ان تبدیلیوں کے پیش نظر ادھو جی نے اپنا دورہ ایودھیا ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔ اُنھوں نے ایودھیا میں ادھو ٹھاکرے کی سلامتی کے بارے میں مختلف اندیشوں کا اظہار کیا۔ شیوسینا نے کہاکہ سکیورٹی اداروں نے سیاسی قائدین کے دورہ ایودھیا پر پابندی عائد کردی ہے۔