ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ’’ماتوشری ‘‘کو دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی

,

   

ممبئی۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرنے کو مبینہ طور پر آج ایک کال موصول ہوا جس میں کال کرنے والے نے دھمکی دی کہ ان کی رہائش گاہ ماتو شری کو دھماکے سے اڑادیا جائے گا۔ فون کال کرنے والے نے خود کو دائود ابراہیم گینگ کا رکن بتایا۔ رپورٹس کے مطابق یہ دھمکی بھرے کالس چیف منسٹر مہاراشٹرا کی باندرا رہائش گاہ میں موصول ہوئے۔ لینڈ لائین فون پر گینگسٹر دائود ابراہیم کے نام سے 4 دھمکی بھرے کالس موصول ہوئے ہیں۔ کال کرنے والے نے کہا کہ میں دبئی سے بات کررہا ہوں اور ماتو شری کو دھماکے سے اڑادیا جائے گا۔ اس دھمکی کے بعد چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر سکیوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ کابینی وزیر انل پرب نے کہا کہ فون کرنے والے نے درخواست کی کہ وہ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے سے بات کرنا چاہتا ہے۔ اس نے ابتداء میں کوئی دھمکیاں نہیں دیں۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ کسی نے چیف منسٹر کی رہائش گاہ ماتو شری کے فون نمبر پر ہفتہ کی شب دو مرتبہ فون کیا اور کہا کہ دائود ابراہیم چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے سے بات کرنا چاہتے ہیں تاہم ٹیلی فون آپریٹر نے یہ کال چیف منسٹر کو منتقل نہیں کیا۔ اس سلسلہ میں اب تک کوئی کیس درج رجسٹر نہیں کیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ نے اس واقعہ کی تصدیق کی اور کہا کہ پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ ممبئی باندرا رہائش گاہ ماتو شری کے باہر سکیوریٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ممبئی کے میئر کشوری پڈنیکر نے کہا کہ شیوسینک ماتو شری کا تحفظ کریں گے۔ ادھو ٹھاکرے کو ڈرنے کی ضرورت نہیں۔