نئی دہلی، 15 جولائی (یواین آئی) سپریم کورٹ نے منگل کو کہا کہ وہ ہندی فلم ‘ادے پور فائلز: کنہیا لال ٹیلر مرڈر’ کے حق میں اور خلاف دائر درخواستوں پر چہارشنبہ کو سماعت کرے گی۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوائے مالیہ باگچی کی بنچ نے کنہیا لال قتل کیس کے ایک ملزم محمد جاوید کی عرضی پر جلد سماعت کی درخواست پر وکیل مینکا گروسوامی کو بتایا کہ وہ بدھ کو حق اور خلاف دائر دونوں مقدمات کی سماعت کرے گی۔سینئر ایڈوکیٹ گروسوامی کے ‘خصوصی تذکرہ’ پر بنچ نے کل جاوید کی درخواست کو فلم کے پروڈیوسر کی طرف سے دائر کی گئی ایک اور درخواست (حق میں) کے ساتھ درج کرنے پر اتفاق کیا۔ ادے پور کے درزی کنہیا لال قتل کیس کے ملزم محمد جاوید نے متنازعہ فلم پر پابندی لگانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ۔وہیں فلم کے پروڈیوسر جانی فائر فاکس میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ نے دہلی ہائی کورٹ کے 10 جولائی کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے جس نے فلم کی ریلیز پر عبوری روک لگا دی تھی۔