سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ اذان کیا شعائر اسلام میں داخل ہے ؟ اور اسکا احترام ازروئے شرع ضروری ہے یا نہیں؟ مزید یہ کہ لغویات اور فحش و منکرات پر مشتمل پروگرام کا نام ’’اذان‘‘ رکھنا ازروئے شرع درست ہے یا نہیں ؟
بینوا تؤجروا
جواب : اذان شعائراسلام سے ہے اور پنجگانہ نماز باجماعت ادا کرنے کے لئے مشروع ہوئی ہے۔ یہ ایک خالص مذہبی شناخت ہے۔ اس پر عہد رسالت سے آج تک اُمت کا توارث چلا آرہا ہے۔ اس کی تعظیم ہرمسلمان کا فریضہ ہے۔ فحش و لغویات پر مشتمل پرگرام کا نام ’’اذان‘‘ رکھنا درست نہیں۔ کیونکہ یہ شریعت کی خالص اصطلاح ہے۔ فتاوی النوازل صفحہ ۵۹ کتاب الصلوٰۃ باب الأذان میں ہے : الأذان سنۃ مؤکدۃ مشروعۃ لأداء المکتوبات بالجماعۃ وأنہ من شعائر الاسلام۔ فقط واﷲأعلم