اذان کے احترام میں کانگریس قائدین نے بریفنگ روک دی

   

راج بھون کے باہر مذہبی رواداری کا مظاہرہ
حیدرآباد ۔4 ۔ مئی(سیاست نیوز) حیدرآباد میں روایتی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کا مظاہرہ وقتاً فوقتاً دیکھنے کو ملتا ہے ۔ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام اور مذہبی رواداری حیدرآبادیوں میں بدرجہ اتم موجود ہیں۔ کانگریس قائدین نے آج راج بھون میں گورنر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کے بعد اذان کا احترام کرتے ہوئے اپنی پریس بریفنگ کو روک دیا ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد اتم کمار ریڈی ، بھٹی وکرمارکا اور ایم ششی دھر ریڈی راج بھون کے باہر منتظر صحافیوں سے بات چیت کے لئے پہنچے۔ اتم کمار ریڈی نے بریفنگ کا آغاز کردیا۔ وہ گورنر سے کی گئی نمائندگی کی تفصیلات بیان کر رہے تھے کہ اچانک مقطعہ مدار خیریت آباد کے علاقہ سے اذان کی آواز گونجی ۔ راج بھون کے سامنے کے علاقہ میں موجود مسجد سے ظہر کی اذان دی جارہی تھی ۔ اذان کے آغاز کے ساتھ ہی ششی دھر ریڈی نے اتم کمار ریڈی کی توجہ مبذول کراتے ہوئے انہیں بریفنگ سے روک دیا۔ کانگریس کے تینوں قائدین اذان کی تکمیل تک بطور احترام کھڑے رہیں اور اذان کے بعد دوبارہ بریفنگ شروع کی۔ اس موقع پر موجود صحافیوں بشمول غیر مسلم صحافیوں نے بھی کانگریس قائدین کے اس جذبہ مذہبی رواداری کی ستائش کی۔