عنقریب قانونی کارروائی کی جائیگی، ٹی آر ایس ارکان مقننہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی نے بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر پر ایس سی، ایس ٹی طبقات کو الاٹ کردہ اراضیات پر ناجائز قبضہ کا الزام عائد کرتے ہوئے وضاحت کا مطالبہ کیا۔ گورنمنٹ وہپ بی سمن اور ارکان مقننہ ایم گوپال اور پی ستیش نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راجندر سیاسی زندگی میں اصول پسندی کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ریوینو عہدیداروں کی تحقیقات میں جمنا ہیچریز کی جانب سے ایس سی، ایس ٹی طبقات کی 71 ایکر اراضی پر ناجائز قبضہ کا پتہ چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کی اہلیہ جمنا کا پولٹری انڈسٹری سے تعلق ہے اور کلکٹر میدک نے ثبوت کے ساتھ تفصیلات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجندر نے الزامات پر ثابت ہونے پر کسی بھی کارروائی کا سامنا کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب ان کی اہلیہ الزامات کی تردید کررہی ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ غریبوں اور کمزور طبقات کی زمینات پر ناجائز قبضہ کے علاوہ پولٹری کے سبب اطراف کے علاقوں میں آلودگی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ حضورآباد کے عوام کو راجندر کی حقیقی تصویر سے واقف ہونا چاہیئے۔ انہوں نے غریبوں کی اراضیات واپس کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آنے والے دنوں میں حکومت کی جانب سے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اراضیات پر قبضہ کرنے والے عوام کے درمیان خود کو بے قصور ثابت کرتے ہوئے حضورآباد میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دھان کی خریدی کے مسئلہ پر عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ سمن نے کہا کہ پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی نے تلنگانہ تحریک میں کبھی بھی حصہ نہیں لیا لیکن آج تلنگانہ عوام سے ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کے جہد کاروں کی بی جے پی میں شمولیت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ر