حیدرآباد۔/23نومبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست میں کسانوں کے مسائل اور اراضیات کے معاملات میں دھرانی پورٹل کی ناکامی کے خلاف کل سے ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ کل 24 نومبر کو تمام منڈل ہیڈکوارٹرس پر کانگریس کی قیادت میں دھرنا منظم کیا جائے گا۔ اراضی اور کسانوں کے مسائل پر متعلقہ ایم آر اوز کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ اضلاع میں سینئر قائدین اور انچارجس دھرنے میں حصہ لیں گے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے قائدین اور کارکنوں کو احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دھرانی پورٹل کے آغاز سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ پورٹل کی برخواستگی کیلئے چیف سکریٹری سومیش کمار سے نمائندگی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈل سطح پر احتجاج کے بعد 30 نومبر کو اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر دھرنا منظم کیا جائے گا۔ 5 ڈسمبر کو ضلع ہیڈ کوارٹرس پر دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ر