حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دھرانی پورٹل پر اراضی سے متعلق مسائل کی یکسوئی کیلئے ریاست بھر میں 15 جولائی سے ’ریوینو سدسو ‘کے آغاز کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے ریوینو اور دھرانی پورٹل سے وابستہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اجلاس میں بتایا کہ ریاست میں اراضی سے متعلق بعض مسائل برقرار ہیں جس کی یکسوئی کیلئے ریوینو سدسو مددگار ثابت ہوسکتے ہیں جہاں عوام اور کسان اپنے مسائل کے ساتھ رجوع ہوں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں اور دوسروں کے مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جائے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں بعض تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر منڈل ہیڈکوارٹر پر ’ ریوینو سدسو‘ کا اہتمام کیا جائے اور ہر تین دن میں ایک منڈل میں عہدیداروں کی ٹیموں کو متعین کیا جائے۔ ریاست بھر میں 100 ٹیموں کی تشکیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ کلکٹر، ڈی آر او اور آر ڈی او کی قیادت میں منڈل واری سطح پر کسانوں کے مسائل کی سماعت کی جائے۔ چیف منسٹر نے مقامی رکن اسمبلی کی قیادت میں اجلاس کے انعقاد کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریوینو سدسو کے مسئلہ پر 11 جولائی کو پرگتی بھون میں وسیع تر جائزہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں وزراء ، ارکان اسمبلی اور ضلع کلکٹرس شرکت کریں گے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار جائزہ اجلاس سے قبل کلکٹرس کے ساتھ اراضی مسائل پر بات چیت کریں گے۔ر