حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) دھرانی پورٹل پر ریاستی حکومت کی جانب سے مقررہ کمیٹی کے ارکان ایڈوکیٹ سنیل اور کانگریس قائد ایم کودنڈا ریڈی نے کل رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کے یاچارم منڈل میں ایک انوکھے پروگرام ’ بھونیائے سیبیرم ‘ ( اراضی سے متعلق مسائل کے انصاف کیلئے کیمپ ) کا آغاز کیا۔ اس پائیلٹ پراجکٹ کو لیگل امپاورمنٹ اینڈ اسسٹینس فار فارمرس (LEAF) سوسائٹی کے تعاون و اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ مسٹر سنیل نے کہا کہ لیف سوسائٹی نے دیہاتوں کو اراضیات سے متعلق مسائل سے پاک کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ اس کا منصوبہ گاؤں کی سطح پر اراضیات کے معاملہ میں گہرائی کے ساتھ اسٹڈی کرکے مسائل کے حل پر توجہ دینے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنکرانتی تہوار کے دوران دیہاتوں میں لیگل کیمپس کا افتتاح ہوا ہے۔ ڈپٹی کلکٹرس اسوسی ایشن کے صدر وی لچی ریڈی نے کہا کہ اس اقدام سے کسانوں کی اراضی سے متعلق ان کے مسائل کے حل میں مدد ہوگی۔