اربیل پر ایرانی بمباری، ایک شخص ہلاک، 8 زخمی

   

تہران : ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے عراق میں کردستان کے علاقے کے دارالحکومت اربیل سے 60 کلومیٹر مشرق میں واقع قصبے کوسینجاق میں ایرانی حکام کی مخالفت کرنے والی کرد جماعتوں کے ہیڈکوارٹرز پر میزائلوں سے حملہ کر دیا، حملے میں ایک شہری جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔عراق کی کردستان علاقائی حکومت کے صدر نے ایرانی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حملہ ہماری خودمختاری پر وار ہے۔ ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ایرانی میزائلوں سے ایرانی کرد جماعتوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ علاقہ مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔رووداو میڈیا نیٹ ورک کے مطابق کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیڈ کوارٹر کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ پیر کے روز ایک ایرانی فوجی ذریعے نے عراق کے کردستان علاقے میں کرد اپوزیشن گروپوں کے خلاف ’’میزائل اور ڈرون‘‘ حملوں کی تصدیق بھی کر دی۔