بیونس آئرس : ارجنٹینا نے جعلی فرانسیسی پاسپورٹ رکھنے کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان سے تفتیش کی جا رہی ہیکہ آیا ان کے ایرانی پاسداران انقلاب سے تعلقات ہیں یا نہیں۔ایرانی حزب اختلاف کی ویب سائٹ ’’آوا ٹوڈے‘‘ نے کہا ہیکہ حراست میں لیے گئے افراد ایرانی تھے اور انہوں نے اپنے آپ کو عراقی نژاد کے طور پر ارجنٹینا حکام کے سامنے پیش کیا۔ بیونس آئرس میں ’’پرایمرا ایڈیشن‘‘ نیوز ویب سائٹ نے بتایا کہ ’’یہ لوگ عراقی نژاد ہونے کا بہانہ کر رہے تھے اور ڈچ دارالحکومت ایمسٹرڈیم جا رہے تھے۔ان افراد کو بیونس آئرس کے ایزیزا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے ایرانی پاسداران انقلاب سے تعلق کے امکان کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ویب سائٹ نے ارجنٹائن میں سکیورٹی حکام کے حوالے سے کہا کہ انہیں ’’نامعلوم ذرائع‘‘سے معلومات ملی ہیں جس کی وجہ سے ان ذرائع کی شناخت واضح کیے بغیر چاروں کو گرفتار کیا گیا۔اسرائیلی ’’انٹل ٹائمز‘‘ ویب سائٹ نے کہا ہیکہ اسے شبہ ہیکہ ان لوگوں کی شناخت ’’ظاہر‘‘ کرنے کے بعد ان لوگوں کو بھرتی کرنے والے ایجنٹوں کا مقصد ارجنٹائن سے دوسری جگہ منتقل کرکے ان کی شناخت ظاہر ہونے سے روکنا تھا۔