پانچ ملکوں کے دورے کے تیسرے مرحلے میں بیونس آئرس آمد‘ ہندوستانی‘روایتی استقبال پر اظہار مسرت
بیونس آئرس/نئی دہلی، 5 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کا ارجنٹینا میں شاندار استقبال کیا گیا۔ ہندوستانی تارکین وطن کی طرف سے روایتی ہندوستانی رقص و موسیقی کے ساتھ پُرتپاک استقبال پر انہوںنے کہا کہ ہندوستانی تارکین وطن کے روشن جذبے کو دیکھ کر واقعی خوشی ہو رہی ہے ۔وزیر اعظم مودی ارجنٹینا کے دو دن کے دورے پر ہیں۔ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے لکھا کہ جب ثقافتی رابطے کی بات آتی ہے تو فاصلہ کوئی رکاوٹ نہیں بنتا! بیونس آئرس میں ہندوستانی برادری کی جانب سے شاندار استقبال میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ یہ دیکھ کر واقعی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ کس طرح گھر سے ہزاروں کلومیٹر دور، ہندوستان کا جذبہ ہماری ہندوستانی برادری کے ذریعہ چمک رہا ہے ۔وزیر اعظم مودی کے ارجنٹینادورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع کا جائزہ لینا ہے ۔وزیر اعظم مودی جمہوریۂ ارجنٹیناکے صدر جیوئر مائلی کی دعوت پر اپنے پانچ ملکوں کے دورے کے تیسرے مرحلے میں بیونس آئرس پہنچے ہیں۔ ارجنٹائن کے دورہ کے بعد وزیر اعظم مودی برکس سربراہی اجلاس کیلئے برازیل میں ہوں گے۔ہندوستان اور برازیل کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔ ہندوستان نے 1948 میں لاطینی امریکہ میں اپنا پہلا سفارت خانہ کھولا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک میں بہت گہرے تعلقات ہیں۔توقع ہے کہ کہ وزیر اعظم کے سرکاری دورے کے دوران دو طرفہ طور پر ہندوستان اور برازیل کے درمیان انسداد دہشت گردی پر ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کیے جائیں گے۔