اردو اکیڈمی جدہ کے زیر اہتمام مدینہ منورہ میں پُر عقیدت نعتیہ مشاعرہ

   

جدہ۔ 20 نومبر(ای میل) سکریٹری اردو اکیڈمی جدہ سید نعیم الدین کے بموجب اردو اکیڈمی جدہ کے تحت ایک نعتیہ مشاعرہ صدر حافظ محمد عبدالسلام کی نگرانی میں تلنگانہ کے معروف شاعر جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں محبوب نگر کی آمد پر بروز جمعہ 18 نومبرمدینہ منورہ، زمرد ریستوران میں منعقد کیا گیا جس میں صدر بزم اتحاد گلوبل جناب احمد الدین اویسی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت فرمائی۔ قدرت نواز بیگ نے مہمانوں کا استقبال گلدستوں سے کیا۔محفل کی شروعات حافظ محمد شبیر کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی، سید محمد خالد حسین مدنی نے نعت شریف مصطفی سے سما باندھا، مقامی نعت خواں سید محی الدین شریف نے اپنی مخملی آواز سے محصور کر دیا۔ صدر حافظ محمد عبدالسلام نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ایسی با برکت محفلیں سجانے کا اعزاز سب کو میسر نہیں ہوتا اور ارادہ ظاہر کیا کہ محفل نعتیہ مشاعرہ کا ہر سال انعقاد کیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ شرکاء کو دعوت دیتے ہوے اس با برکت محفل کا حصہ بنایا جائے گا۔ خطاب کے بعد مشاعرے کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ میزبان شعراء جدہ سے مہتاب قدر، ڈاکٹر افروز عالم، فیصل طفیل اور ینبع سے ناصر برنی، مدینہ منورہ سے سید شجاع الدین نویدنے کلام پیش کیا، بشمول مہمان اعزازی حلیم بابر تمام شعراء نے مدحت رسول کے ایسے پھول برسائے کہ سامعین ہمہ تن گوش ہر شعر پہ جھوم اٹھے۔ مہمان خصوصی جناب احمد الدین اویسی نے اپنا پسندیدہ کلام سنا کر داد حاصل کرتے ہوے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ نظامت کے فرائض محمد اسلم افغانی نے بڑی ہی خوبی سے نبھایا اور آخر میں سیکریٹری اردو اکیڈمی جدہ سید نعیم الدین نے مہمان خصوصی احمد الدین اویسی ، مہمان اعزازی جناب حلیم بابر کے علاوہ تمام شعراء کرام و ہوٹل مینجمنٹ زمرد ریستوران کا شکریہ ادا کرتے ہوے محفل کا اختتام کیا۔