اردو اکیڈیمی کی اسکیم ’ سرکاری اردو مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے مالی اعانت ‘

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ریاست تلنگانہ کے سرکاری اردو مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کے سلسلہ میں جناب محمد خواجہ مجیب الدین صدر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے جناب کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر سے نمائندگی کی تھی ۔ اس نمائندگی پر چیف منسٹر نے ریاست کے سرکاری مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے رقم مختص کی ۔ اس ضمن میں اردو اکیڈیمی کے ذریعہ سرکاری مدارس سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں اور وصول شدہ درخواستوں کی ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے تنقیح اور جانچ کے بعد جملہ 333 سرکاری اردو مدارس کو فی مدرسہ 50 ہزار روپئے کے حساب سے جملہ ایک کروڑ 66 لاکھ روپیوں کی منظوری دی گئی اور یہ رقوم متعلقہ مدارس کے بینک اکاونٹس میں جمع کرادی گئی ہیں ۔ صحافتی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ان مدارس میں سے چند مدارس کی رقوم بینک اکاونٹس کے صحیح نہ ہونے کی وجہ واپس ہوئی ہیں ۔

اعلامیہ میں ان مدارس کے ذمہ داروں سے خواہش کی گئی ہے کہ اس سلسلہ میں صدر دفتر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی واقع چوتھی منزل ، حج ہاوز نامپلی میں متعلقہ شعبہ سے ربط کریں ۔۔