عام زمرہ کے اہل امیدواروں کے لئے تقرر کی راہ ہموار کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔21۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ ریاست بھر میں اعلان کی گئی اردو جونیئرلکچررس کی جائیدادوں کو تحفظات سے مستثنیٰ کرتے ہوئے ان جائیدادوں پر عام زمرے کے امیدوارجو اہل ہیں ان کے تقرر کی راہ ہموار کی جانی ضروری ہے تاکہ ان جائیدادوں کو ضائع ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ان جائیدادوں پر تقررات کی منظوری کے بعد تلنگانہ پبلک سروس کمیشن نے اردوکے 42 جونیئر لکچررس کی جائیدادوں پر امتحانات منعقد کرتے ہوئے ان جائیدادوں کو روسٹر کے اعتبار سے محفوظ کرتے ہوئے ان پر سال 2022 میں تقررات کا عمل شروع کیا تھا جو اب تک مکمل نہیں ہوپایا ہے کیونکہ ان جائیدادوں کو محفوظ زمرہ میں رکھا گیا ہے اور محفوظ زمرہ میں اردو کے اہل امیدواروں کی عدم موجودگی کے سبب ان جائیدادوں پر تقررات میں رکاوٹیں پیدا ہونے لگی ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ جونیئر لکچررس کی ان جائیدادوں پر جہاں تقررات کئے جانے ہیں اگر ان جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل نہیں کیا جاتا ہے اور ان جائیدادوں کو مخلوعہ ہی رہنے دیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں نہ صرف ان جائیدادوں پر عدم تقررات کا نقصان ہوگا بلکہ اردو زبان اور اردو ذریعہ تعلیم رکھنے والے طلبہ کو بھی بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ نمبر 22/2022 جو کہ 9 ستمبر 2022 کو جاری کیاگیا تھا اس اعلامیہ میں موجود جملہ جائیدادوں میں 42جائیدادوں کو محفوظ زمرہ میں شامل کیاگیا ہے جن میں بوٹنی ‘ کیمسٹری ‘ سیوکس‘ کامرس‘ اکنامکس ‘ ہسٹری‘ میاتھس ‘فزیکس ‘ اردو اور زوالوجی کی جائیدادیں شامل ہیں ۔جونیئر لکچررس اردومیڈیم کی مخلوعہ جائیدادوں میں 5 جائیدادیں بوٹنی کی ہیں جو کہ بی سی (اے) کے لئے 1 ‘ ایس سی کے لئے 2 ‘ ایس ٹی کے لئے 1 اور معذورین کے لئے 1 جائیداد محفوظ ہے اسی طرح کیمسٹری میں موجود تین جائیدادوں میں 1 بی سی (اے) 2جائیدادیں ایس سی کے لئے محفوظ ہیں۔ سیوکس میں موجود 5جائیدادوں میں بی سی (اے) کے لئے 1‘ ایس سی کے لئے 2 ‘ایس ٹی کے لئے 1 اور معذورین کے لئے 1جائیدادکو محفوظ رکھا گیا ہے ۔ کامرس کی 1جائیداد کوایس سی طبقہ کے لئے محفوظ رکھا گیا ہے ۔ اکنامکس جونیئر لکچرر کے زمرہ میں موجود 5 جائیدادوں میں بی سی (اے) کے لئے 1‘ایس سی کے لئے 2‘ ایس ٹی کے لئے 1 اور معذورین کے لئے 1جائیداد کو محفوظ رکھاگیا ہے ۔ ہسٹری اردو میڈیم کی جائیدادوں میں بھی 5جائیدادیں موجود ہیں اور جائیدادوں کو بھی بی سی (اے) 1 ‘ ایس سی 2‘ ایس ٹی 1اور معذورین کے لئے 1 جائیداد کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ میاتھس کی 5جائیدادوں کو بھی 1بی سی (اے)2 اے سی‘ 1 ایس ٹی اور ایک معذورین کے لئے محفوظ کی گئی ہے۔فزیکس اردو میڈیم جونیئر لکچرر کے لئے موجود 2 جائیدادوں میں ان دونوں جائیدادوں کو 1بی سی (اے) اور 1 ایس سی کے لئے محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح اردو جونیئر لکچررس کے لئے موجود 7 جائیدادوںمیں 1بی سی (اے)‘ 2 ایس سی ‘ 2 ایس ٹی کے علاوہ 1معذورین کے لئے محفوظ قرار دی گئی ہے۔زولوجی میںموجود 4محفوظ جائیدادوں میں 1 بی سی (اے)‘ 2 ایس سی اور 1 معذورین کے لئے محفوظ قرار دی گئی ہیں۔تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے اس اعلامیہ میں جملہ 1392 جونیئر لکچررس کے تقررات کے لئے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایاگیا تھا اور جملہ جائیدادوں میں 42جائیدادیں ایسی ہیں جن جو کہ غیر اردو داں طبقہ کے لئے محفوظ ہونے کے سبب ان پر تقررات کا عمل مکمل نہیں ہوپایا ہے۔ پیشرو حکومت کی جانب سے اردو میڈیم کی جائیدادوں میں تقررات کے متعلق اختیار کردہ پالیسی بالخصوص غیر اردو داں طبقہ کو تحفظات کی فراہمی کے ذریعہ تقررات کی راہ ہموار کئے جانے کے نتیجہ میں یہ جائیدادیں اب تک مخلوعہ ہیں کیونکہ ان جائیدادوں پر اردو داں طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کے تقرر کی راہ ہموار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ان 42جائیدادوں کو تحفظات کے زمرہ سے نکال کر ان پر تقررات کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ عام زمرہ کے امیدواروں کو ان جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار ہوسکے اور اردو کی ان جائیدادوں پر تقررات کے علاوہ ریاست میں اردو زبان کے مستقبل کو تابناک بنانے کے اقدامات کے علاوہ ریاست کی دوسری سرکاری زبان کے موقف پر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس سلسلہ میں جونیئر لکچررس کے لئے اہل امیدواروں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ان جائیدادوں پر تحفظات سے مستثنیٰ قرار دینے کے اقدامات کریں تاکہ جن کالجس میں جونیئر لکچررس بالخصوص اردو زبان سے تعلق رکھنے والے جونیئر لکچررس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں انہیں پر کرتے ہوئے طلبہ اور کالجس کے مسائل کو بھی حل کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے اور مستحق امیدواروں کے تقرر کی راہ ہموار ہوجائے۔3