محبوب نگر میں اردو اساتذہ کی تہنیتی تقریب، رکن اسمبلی سرینواس ریڈی کا خطاب
محبوب نگر۔/9 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یوم اردو کے موقع پر ترقی پانے والے اور نو منتخب اردو اساتذہ کی تہنیتی تقریب بڑے پیمانے پر ضلع پریشد میٹنگ ہال محبوب نگر میں خواجہ قطب الدین ریاستی صدر اردو ٹیچرس اسوسی ایشن تلنگانہ اسٹیٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں رکن اسمبلی سرینواس ریڈی، عبید اللہ کوتوال، عبدالہادی اور ناگرکرنول کے اے ایم اوز، ابن عثمان ٹرسٹ کے معتمد عمومی اور معتمد عمومی محمد شکیل احمد اردو ٹیچرس اسوسی ایشن تلنگانہ اسٹیٹ نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سرینواس ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ہماری تہذیبی شناخت ہے اور اس زبان کی ترقی میں اساتذہ کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے ترقی پانے والے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور شہر محبوب نگر میں عنقریب اقبال مینار کا سنگ بنیاد رکھنے کا تیقن دیا۔ جناب عبید اللہ کوتوال نے اردو زبان کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اساتذہ کی ترقی سے تعلیمی معیار میں اضافہ ہوگا اور اردو زبان کے فروغ میں نئی روح پیدا ہوگی۔ اسوسی ایشن کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ ضلعی و ریاستی سطح کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔ محبوب نگر اور ناگرکرنول کے اے ایم اوز نے اساتذہ سے کہا کہ وہ طلباء میں اردو زبان کی محبت پیدا کریں اور تعلیمی معیار کو بہتر بنائیں۔ ابن عثمان ٹرسٹ کے معتمد عمومی نے بھی ترقی پانے والے اور نومنتخب اساتذہ کو مبارکباد دی اور انہیں مزید محنت سے کام کرنے کی ترغیب دی تاکہ اردو زبان کی خدمت کو آگے بڑھایا جاسکے۔ اسوسی ایشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور مستقبل کا لائحہ عمل بتایا۔ انصاری بن احمد باوزیر ریاستی نائب صدر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر محمد سلام خان صدر، محمد اعجاز علی معتمد عمومی ضلع محبوب نگر، غلام دستگیر صدر، شیخ خالد معتمد ضلع رنگاریڈی، محمد ماجد محی الدین، محمد امتیاز، نعیم صدیقی، نجم الدین، محمد طاہر، کوثر شہناز، نسرین سلطانہ، صغرا جبین، ثناء ہاشمی کے علاوہ اراکین اردو ٹیچرس اسوسی ایشن نے شرکت کی۔ تقریب میں اساتذہ کی خدمات کو سراہا گیا اور انہیں تہنیت کے گلدستے پیش کئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر اردو زبان کی ترقی اور فروغ کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔