اردو صحافت کا آزادی سے پہلے اور بعد ناقابل فراموش رول

   

جناب میر ایوب علی خان کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین:اوصاف سعید

حیدرآباد ۔ 20 اگسٹ ۔ (راست) ڈاکٹر اوصاف سعید آئی ایف ایس ، سابق سیکریٹری وزارت خارجہ نے آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد اردو صحافت کی قومی اور ملی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ اردو صحافت میں جہاں آزادی سے پہلے ہندوستانیوں میں آزادی کے لیے جدوجہد کا جذبہ پروان چڑھانے میں اہم رول ادا کیا تو وہیں آزادی کے بعد قوم میں حقیقی آزادی ، جمہوریت ، دستوری اور انسانی حقوق ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے متعلق شعور کی بیداری اور عوام اور ارباب اقتدار کے درمیان رابطہ قائم کرنے اور مسائل کی یکسوئی میں نمایا ں رول ادا کیا۔ ڈاکٹر اوصاف سعید 19؍اگست کی شام میڈیا پلس آڈی ٹوریم میں میر ایوب علی خان ، ہیڈ سیاست ڈاٹ کام کی تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے جو ان کی پچاس سالہ خدمات کے اعتراف میںمیڈیا پلس فائونڈیشن اور گواہ اردو ویکلی کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔ جناب عامر اللہ خان ، ڈائرکٹر سی پی ڈی پی، نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ اس تقریب میں این آر آئیز اور صحافیوں کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے شخصیات موجود تھے، جن میں ڈاکٹر عابد معز، جناب احمد امیر خان ، ہیڈ رہنماء دکن فیملی، عمر دراز خان انور منیجنگ ایڈیٹر رہنمائے دکن، محمد قیصر ، ہم ہندوستانی تنظیم، خالد بصیر، افتخار حسین اور کے این واصف قابل ذکر ہیں۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے جناب ایوب علی خان کی جدو جہد سے بھرپور صحافت کے اعلی اقدار کی پاسبانی کے ساتھ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ حق و صداقت کی آواز بلند کی۔ انہوں نے پاسپورٹ آفیسر کی حیثیت سے حیدرآباد میں تقرر سے لیکر معتمد خارجی اُمور کے عہدے تک اپنے طویل سفارتی سفر پر مختصر روشنی ڈالی اور بتایا کہ انہیں ملک اور بیرون ملک مختلف قسم کے صحافیوں سے سابقہ پڑا اور ان کے صحافیوں سے روابط ہمیشہ خوشگوار رہے۔ انہوں نے تعلیمی شعور بیدار کرنے کے لیے صحافت کو اپنا رول ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب عامراللہ خان نے بھی قوم کی تعلیمی پسماندگی پر افسوس کا اظہار کیا۔ جناب ایوب علی خان نے اپنے پچاس سالہ صحافتی سفر کے دوران مختلف نشیب و فراز کا تذکرہ کیا اور اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا کہ اُس نے عزت اور وقار کے ساتھ سماج میں اپنی پہچان کے ساتھ رہنے کا موقع عطا کیا۔ جناب ایوب علی خان نے نوجوان نسل کو صحافت میں صحافت سے وابستہ ہونے کی تلقین کی تاکہ وہ قوم و ملت کی خدمت انجام دے سکیں ۔
جناب عابد معز ، جناب خواجہ ناصر الدین نے بھی خطاب کیا، طالب خوند میری مرحوم کی صاحبزادی آفرین خوندمیری (حال مقیم امریکہ ) نے اپنے والد کی نظم ٹائم کیپسول سنائی۔ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز نے خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیا پلس فائونڈیشن نے مختلف شعبۂ حیات میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ان کی زندگی میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے تہنیت پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ سید خالد شہباز نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ، سید عامت حنیف نے انتظامات کی نگرانی کی ،مجاہد محی الدین نے شکریہ ادا کیا۔