اردو صحافیوں کے مسائل کی عدم یکسوئی ، حکومت کی سردمہری

   

حکومت کو متوجہ کرنے ’’ ہفتہ مطالبات‘‘ پروگرام ، عادل آباد میں محبوب خان کی پریس کانفرنس

عادل آباد /9 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے اردو صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی میں مسلسل سردمہری کو محسوس کرتے ہوئے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کی جانب سے حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی غرض جاریہ ماہ کی 10 تاریخ تا 17 تاریخ ’’ ہفتہ مطالبات ‘‘ پروگرام کا اہتمام ریاستی سطح پر کیا جارہا ہے ۔ یہ بات TUWJF سرپرست اعلی محبوب خان نے عادل آباد پریس کلب میں میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی اور کہا کہ اسی ضمن میں عادل آباد ضلع کلکٹر مسٹر راہول راج اور ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر مسٹر ایس وشنو کو دس مطالبات پر مشتمل ایک یادداشت 10 جولائی کو پیش کی جائے گی ۔ دس مطالبات جن میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے 2016 میں جاری کردہ جی او نمبر 239 کو فوری طور پر کالعدم کیا جائے اور موجودہ حالات تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس حکم نامہ کے بجائے ایک اور حکم نامہ کی اجرائی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ جس میں اکیریڈیشن کارڈ کی اجرائی کے طریقہ کار کو واضح کیا جائے ۔ اس کمیٹی میں تلگو ، انگریزی ، ہندی کے ساتھ اردو کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے ۔ ان میں بڑے چھوٹے اخبارات ، الکٹرانک میڈیا ، سیٹلائیٹ ، کیبل ڈیجیٹل میڈیا ، فوٹو جرنلسٹ ، میگزین ، فری لانس جرنلسٹس نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے ۔ اس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ایک نیا حکم نامہ جاری کیا جائے (2) 2016 سے قبل جس طرح منڈل سطح پر اردو صحافیوں اکریڈیشن کارڈ جاری کئے جاتے تھے اسی طرز کو جاری رکھا جائے (3) سی زمرہ سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اخبارات کے نمائندوں کو بھی اضلاع میں اکریڈیشن کارڈ جاری کیا جائے (4) ریاستی اور ضلعی سطح پر جو اکریڈیشن کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں اس میں اردو جرنلسٹ کو شامل کیا جائے (5) ملک کے دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ ریاست میں 55 سال عمر یا 25 سالہ صحافتی تجربہ رکھنے والے صحافیوں کو ماہانہ دس ہزار روپئے ( وظیفہ ) دیا جائے (6) سرکاری ملازمین اور وظیفہ یاب افراد کیلئے جو صحت کی نئی اسکیم کا اعلان کیاگیا ہے اسی طرز پر صحافیوں اور ان کے افراد خانداین کیلئے ہیلت اسکیم فراہم کی جائے (7) اردو کے چھوٹے اخبارات ، جرائد و رسائل کیلئے سالانہ کم از کم دو لاکھ روپئے ہر اخبار کیلئے بطور اشتہارات بجٹ میں رقم مختص کی جائے (8) صحافیوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے خانگی اسکولس اور کالجس میں 50 فیصد رعایت دی جائے اور انہیں حق تعلیم کے تحت تعلیمی مراعات بھی فراہم کی جائے (9) ریاست میں اردو صحافیوں کو بلا لحاظ اکریڈیشن کارڈ کے امکنہ اراضی یا ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کئے جائیں (10) ریاست تلنگانہ میں صحافیوں کے تحفظ کیلئے ریاست مہاراشٹرا کے خطوط پر جرنلسٹ سیکوریٹی ایکٹ منظور کیا جائے ۔ TUWJF کی جانب سے ہفتہ مطالبات پروگرام میں شرکت کی خواہش سرپرست اعلی محبوب خان ، سرپرست مسٹر حمیداللہ انور ، نائب صدر تنظیم مسٹر محمد آصف الدین ، جنرل سکریٹری تنظیم مسٹر حافظ خضر یافعی ، مسٹر عمیم شریف ، محمد شفیع ، شیخ معز ، عصمت علی نے کی ہے ۔