اردو میڈیم طلبہ میں احساس کمتری ختم ہونی چاہیئے

   

نظام آباد میں کریئر گائیڈنس پروگرام ، ایم اے حمید و دیگر کا خطاب

نظام آباد : امتحان کی تیاری کیسے کریں ، اچھے نشانات کس طرح حاصل کریں ، نئی تبدیلیوں کے ساتھ ایس ایس سی کے گریڈ کو کس طرح بڑھایا جاسکتا ہے جیسے طلبہ کے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات ، شبہات کو دور کرنے کیلئے تلنگانہ اردو کے گنجان آبادی والے علاقہ نظام آباد کے کریسنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم کے ایس ایس سی طلباء و طالبات کیلئے ایک کریئر گائیڈنس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں حیدرآباد سے نامور ماہر تعلیم مسٹر ایم اے حمید کریئر کونسلر نے کریئر لکچر دیتے ہوئے امتحان کی تیاری سے کامیابی تک پھر مستقبل میں کیا بننا ہے ڈاکٹر ، انجنیئر ، وکیل ، لکچرر ، سی اے ، آئی اے ایس ، آئی پی ایس کرنے کے کریئر پلاننگ طریقہ کار کو آسان انداز میں بتایا ۔ اردو میڈیم کے طلبہ میں احساس کمتری ختم ہونی چاہیئے ۔ کریئر لکچر کے دوران کے جی سے پی جی تک معلومات کے علاوہ طلباء و طالبات کے سوالات کے تشفی بخش جوابات دیئے گئے ۔ ڈائرکٹر کریسنٹ گروپ جناب سید مجیب علی نے صدارتی تقریر کی اور ایسے پروگرام کو طلبہ کی بروقت صحیح رہنمائی قرار دیتے ہوئے طلبہ ، اساتذہ ، سرپرستو ں کو اس سے استفادہ پر زور دیا ۔ دکن کے نامور شاعر جناب جمیل نظام آبادی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو نہایت معلومات آفریں قرار دیا ۔ جناب سید منصور علی ہیڈ ماسٹر نے خیرمقدم کیا ۔ نظام آباد کا یہ اردومیڈیم خانگی اسکول ریاست کے معیاری اسکولس میں شمار ہوتا ہے ۔ اساتذہ کرام مجید خان ، شیخ مشتاق ، عبدالرحمن ، علیم الدین ، محمد اکبر ، عبید اللہ ، عبدالحامد ، سید وسیم ، غلام شبان کے علاوہ معلمین میں اعجاز فاطمہ ، مہر ، روبینہ ناز ، ریشماں ، پروین ، فرحت النساء ، امیر سمرین ، طلعت افشاں ، اسماء ، پروین ، رئیس فاطمہ شریک تھے ۔