اکیڈیمی کے وفد کا دورہ اردو یونیورسٹی، وائس چانسلر سے ملاقات
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کرناٹک اردو اکیڈیمی کے نمائندہ وفد نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن سے ملاقات کی۔ اردو یونیورسٹی نے اردو زبان و ادب کے فروغ میں کرناٹک اردو اکیڈیمی سے اشتراک کا تیقن دیا۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ اردو یونیورسٹی گذشتہ 26 برسوں سے زبان و ادب، صحافت و تہذیب اور تعلیم کے شعبہ جات میں کام کررہی ہے۔ انہوں نے اردو اکیڈیمی کرناٹک کے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اردو یونیورسٹی کے وسیع تر اغراض و مقاصد اور کارکردگی کا جائزہ لینے کی پہل لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے اردو زبان و ادب کی ترقی میں باہمی اشتراک سے کام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک اردو اکیڈیمی اگر اردو یونیورسٹی کا فاصلاتی تعلیمی مرکز قائم کرتی ہے تو دسویں کے مماثل سرٹیفکیٹ کورس شروع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر معاذ الدین خاں رجسٹرار کرناٹک اردو اکیڈیمی نے اردو اکیڈیمی کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ 30 دن میں اردو سیکھنے کا پروگرام اردو اکیڈیمی نے تیار کیا ہے اور اس کے لئے تیار کی گئی کتاب غیر اردو داں طبقہ کیلئے نہایت مفید ہے۔ رکن اکیڈیمی اعظم شاہد نے اردو یونیورسٹی کی کارکردگی کی ستائش کی۔ محترمہ اختر سعیدہ رکن اکیڈیمی، ڈاکٹر انیس صدیقی نے کرناٹک کے ادیب و شعراء کی کتابوں کو ڈیجیٹل کرنے کیلئے مانو سے اشتراک کا پیشکش کیا۔ پروفیسر محمد فریاد نے خیرمقدم کیا۔ پروفیسر احتشام احمد خاں نے اردو اکیڈیمی کے وفد کے دورہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ صدر اردو اکیڈیمی مولانا محمد علی قاضی نے کہاکہ اردو زبان و ادب کے فروغ میں مانو کی شہرت قومی سطح پر نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہے۔ انہوں نے مانو کی رہبری میں اردو اکیڈیمی کی جانب سے فروغ اردو کے پروگرام شروع کرنے کی تجویز رکھی۔ رجسٹرار اردو یونیورسٹی پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی۔1